تین جعلی پولیس اہلکاروں کی ڈکیتی کی واردات، ہزاروں یورو اور زیورات لوٹ لیے

میڈرڈ (دوست نیوز) الکو بینداس میں تین ملزمان نے پولیس اہلکار کا روپ دھار کر ایک گھر میں داخل ہو کر مکینوں کو رسیوں سے جکڑ دیا اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔
تینوں میں سے ایک شخص نے گلے میں پولیس کی فرضی شناختی پلیٹ پہن رکھی تھی۔ گھر کے اندر گھستے ہی ملزمان نے مالکان کو قابو کر کے ہاتھ پاؤں باندھ دیے اور پھر اطمینان سے مکان کی تلاشی لینا شروع کر دی۔
متاثرہ میاں بیوی کے مطابق، ابتدائی طور پر انہوں نے پولیس کو بتایا کہ ڈکیت 100,000 یورو لے گئے ہیں، مگر بعد میں تھانے میں بیان درست کرتے ہوئے کہا کہ اصل رقم 10,000 یورو تھی جو 50 یورو کے نوٹوں کی شکل میں رکھی گئی تھی۔ اس کے ساتھ بڑی تعداد میں زیورات بھی لوٹ لیے گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے تیزی سے کارروائی مکمل کی جو تقریباً 30 منٹ تک جاری رہی۔ جائے وقوعہ کے اطراف لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے معلوم ہوا کہ تینوں ڈکیت ایک سرمئی رنگ کی پیجوٹ 308 گاڑی میں فرار ہوئے۔ پولیس نے گاڑی کی تلاش شروع کر دی ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔