کاتالونیا کے جنوبی علاقوں میں طوفانی بارشوں کے باعث تعلیمی ادارے بند

بارسلونا (دوست نیوز) – کاتالونیا کی وزارتِ تعلیم نے مونتسیا (Montsià) اور بائش ابری (Baix Ebre) کے جنوبی اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث اسکول بند کر دیے ہیں، جس سے تقریباً 25 ہزار طلبہ متاثر ہوئے ہیں۔
محکمہ شہری تحفظ نے پیر کی صبح سیلاب اور موسلا دھار بارش کے خدشے کے پیش نظر ہنگامی الرٹ جاری کیا۔ امپوستا (Amposta)، جو اس علاقے کے بڑے شہروں میں شمار ہوتا ہے، میں اتوار دوپہر سے پیر کی صبح تک 246 لیٹر فی مربع میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ صرف 30 منٹ میں 52.4 لیٹر تک بارش ہوئی۔ اسی دوران ماس دے باربرانز (Mas de Barberans) میں 168.8 لیٹر فی مربع میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اور متعدد مقامات پر یہ شرح 100 لیٹر فی مربع میٹر سے تجاوز کر گئی۔
بائش ابری کے علاقے میں پکسادورس، وانا شاروپ اور روکا بوربا مقامات پر ممکنہ سیلاب کی وارننگ دی گئی ہے۔ شہری تحفظ کی ایمرجنسی منیجمنٹ سربراہ مونتے فونت (Montse Font) کے مطابق صورتحال “پیچیدہ” ہے اور مزید تیز ہوا اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
112 ایمرجنسی نمبر پر پیر کی صبح تک 64 کالز موصول ہوئیں جبکہ کئی شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ دوسری جانب اسپین کے قومی محکمہ موسمیات نے صوبہ تاراگونا کے ساحلی علاقوں کے لیے پیر کی رات 8 بجے سے پانی جمع ہونے کے خدشے پر سرخ انتباہ جاری کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ شدید بارشیں سمندری طوفان “گیبریئل” (Gabrielle) کے اثرات ہیں، جو اب ایک غیر استوائی طوفان میں تبدیل ہو کر اسپین کے کئی حصوں کو متاثر کر رہا ہے۔ توقع ہے کہ ویلنسیا ان بارشوں سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہوگا۔