کاتالونیا میں فلسطین کے حق میں 4 اکتوبر کو بڑی ریلی کا اعلان

بارسلونا: کاتالونیا کی 600 سے زائد سماجی تنظیموں اور اداروں نے فلسطین میں جاری نسل کشی کے خلاف 4 اکتوبر کو ایک بڑی عوامی مظاہرے کی کال دی ہے۔ یہ احتجاج دوپہر 12 بجے جاردینتس دے گراسیا سے شروع ہوگا جس کا مرکزی نعرہ ہے: “اسلحے کی تجارت اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات ختم کرو”۔
تنظیم پرو کمپلیسیتات امب اسرائیل (Prou Complicitat amb Israel) کی رہنما ایلس سیمسن نے کہا کہ “ہم چاہتے ہیں کہ یہ کاتالونیا کی تاریخ کا سب سے بڑا مظاہرہ ہو تاکہ دنیا کو یہ واضح پیغام جائے کہ کاتالونیا فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہمیں سڑکوں کو بھر دینا ہوگا۔”
مظاہرے کی حمایت کرنے والی تنظیموں میں تمام بڑے مزدور یونینز (سی سی او او اور یو جی ٹی) کے ساتھ ساتھ تعلیمی، طبی، نسائی، محلہ جاتی اور اینٹی ریسٹ تنظیمیں شامل ہیں۔ کاتالونیا کی فلسطینی کمیونٹی کی صدر نتالیا ابو شرار نے کہا: “ہمیں یقین ہے کہ بارسلونا اور کاتالونیا انسانی حقوق کے دفاع میں دنیا کو ایک مثال دیں گے۔”
اس سے قبل 18 ستمبر کو بھی بارسلونا میں فلسطین کے حق میں 6,500 افراد نے احتجاجی مارچ کیا تھا۔
سیاہ لباس پہننے کی اپیل
منتظمین نے مظاہرے میں شریک افراد سے کہا ہے کہ وہ سیاہ لباس پہنیں تاکہ فلسطینی شہدا کے لیے سوگ کا اظہار ہو۔ ان کا کہنا ہے کہ “یہ نسل کشی کوئی وقتی واقعہ نہیں بلکہ ایک طویل نوآبادیاتی منصوبہ ہے۔” اسی تناظر میں انہوں نے ہسپانوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ اسلحے اور ٹیکنالوجی کی تجارت بند کرے اور مکمل طور پر سفارتی، معاشی، ادارہ جاتی، کھیلوں اور ثقافتی تعلقات ختم کیے جائیں۔
مزید برآں، بارسلونا سٹی کونسل اور جنرالیتات سے بھی کہا گیا ہے کہ نومبر میں ہونے والے اسمارٹ سٹی کانگریس میں اسرائیلی پویلین کی اجازت نہ دی جائے۔
ہڑتال کی کال
یونینز سی سی او او اور یو جی ٹی نے 15 اکتوبر کو کاتالونیا میں جزوی ہڑتال کا اعلان کیا ہے تاکہ فلسطین میں نسل کشی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا جا سکے۔ یہ ہڑتال تین شفٹوں میں دو دو گھنٹے کی ہوگی (10 سے 12 بجے، 17 سے 19 بجے اور 2 سے 4 بجے تک)۔
دوسری جانب، انترسندیکل الترناتیوا دے کاتالونیا (IAC) نے 15 اکتوبر کو مکمل 24 گھنٹے کی عام ہڑتال کی کال دی ہے، جبکہ 6 سے 15 اکتوبر کے درمیان بھی ہڑتال کی وارننگ دی ہے اگر اسرائیل نے گلوبل سمود فلوٹیلا پر حملہ کیا یا کارکنوں کو گرفتار کیا۔