میڈرڈ (ڈیلی دوست نیوز) ماہرینِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ صنعتی طور پر تیار کردہ انتہائی پراسیس شدہ غذاؤں (Ultraprocessed Foods) کا معمول کے مطابق استعمال مردوں کی جنسی صحت کو متاثر کر سکتا ہے۔ ماہرِ جراحی اور مردانہ جنسی صحت ڈاکٹر فرانسوا پینادو کے مطابق ایسی غذاؤں سے خون کی شریانوں اور جسمانی میٹابولزم میں خرابی پیدا ہو سکتی ہے، جس کا اثر جنسی کارکردگی پر بھی پڑ سکتا ہے۔
ڈاکٹر پینادو کا کہنا ہے کہ الٹرا پروسیسڈ غذائیں جسم میں مسلسل ہلکی سوزش، آکسیڈیٹو اسٹریس اور خون کی شریانوں کی اندرونی تہہ کی خرابی کا باعث بن سکتی ہیں۔ مردوں میں عضو تناسل کی فعالیت کا انحصار خون کی شریانوں کے مناسب پھیلاؤ اور خون کی بہتر روانی پر ہوتا ہے، اس لیے شریانوں کو پہنچنے والا نقصان اس عمل کو متاثر کر سکتا ہے۔
ماہر کے مطابق جنسی کمزوری کو صرف جنسی مسئلہ سمجھنا درست نہیں، کیونکہ بعض اوقات یہ دل اور خون کی شریانوں کی بیماریوں کی ابتدائی علامت بھی ہو سکتی ہے۔ بعض مریضوں میں یہ علامات دل کے دورے یا فالج سے کئی سال پہلے ظاہر ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایسے افراد میں انسولین کے خلاف مزاحمت، خون میں ٹرائی گلیسرائیڈز کی زیادتی، پیٹ کے گرد چربی میں اضافہ اور بلند فشارِ خون جیسے مسائل بھی پائے جا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر پینادو کے مطابق الٹرا پروسیسڈ غذاؤں کا طویل عرصے تک استعمال جسم میں اندرونی چربی بڑھا سکتا ہے۔ یہ چربی ہارمونز کے نظام کو متاثر کرتی ہے اور ٹیسٹوسٹیرون کی سطح میں کمی کا سبب بن سکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں جنسی خواہش میں کمی، تھکاوٹ اور پٹھوں کی مضبوطی متاثر ہونے جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے پلاسٹک کی پیکنگ اور بعض غذائی اجزا میں موجود ایسے کیمیکلز کی جانب بھی توجہ دلائی جو ہارمونز کے نظام میں مداخلت کر سکتے ہیں۔
ماہر نے بحیرہ روم کی غذائی طرزِ زندگی (Mediterranean Diet) اپنانے کی سفارش کی ہے، جس میں تازہ سبزیاں، پھل اور کم پراسیس شدہ غذائیں شامل ہوتی ہیں۔
ان کے مطابق ایسی غذا خون کی شریانوں کی صحت بہتر بنانے، جسمانی سوزش کم کرنے اور میٹابولزم کو متوازن رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صحت مند خوراک علاج کا متبادل نہیں بلکہ بہتر صحت کے لیے ایک اہم معاون ذریعہ ہے۔
