میڈرڈ (ڈیلی دوست نیوز) اسپین کی دائیں بازو کی سیاسی جماعت ووکس (Vox) کے رہنما سانتیاگو اباسکال نے رہائشی مکانات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے اور جائیدادوں کی ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے بڑے سرمایہ کاری فنڈز (Fondos Buitre) کو قانون کے دائرے میں لانے کی حمایت کی ہے۔
ٹیلی ویژن پروگرام ’لا ریوولتا‘ (La Revuelta) میں گفتگو کرتے ہوئے اباسکال نے کہا کہ ایسے سرمایہ کاری فنڈز کو منظم کرنا ضروری ہے جو مکانات اپنے قبضے میں رکھ کر قیمتوں میں اضافہ اور قیاس آرائی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق کرایوں اور مکانوں کی قیمتوں میں اچانک اضافہ، جس کا مقصد صرف منافع کمانا ہو، قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جب وہ خود کرائے کے مکان میں رہتے تھے تو انہیں بھی کرایوں میں اضافے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اباسکال نے کہا کہ جب مارکیٹ میں استحصالی طریقے اختیار کیے جائیں تو ریاست کو مداخلت کرنی چاہیے، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ سرمایہ کاری فنڈز پر پابندی یا ضابطوں کی حد کیا ہونی چاہیے۔
انہوں نے رہائشی بحران کی بڑی وجوہات میں امیگریشن اور مکانات کی ناکافی تعمیر کو قرار دیا۔ ان کے مطابق لوگوں کی تعداد بڑھ رہی ہے لیکن رہائشی مکانات کی تعمیر اس رفتار سے نہیں ہو رہی۔
اباسکال نے پہلی مرتبہ مکان خریدنے والوں پر ٹیکس ختم کرنے، مزید سرکاری مکانات تعمیر کرنے، زمین کی تعمیراتی پابندیاں نرم کرنے اور غیر قانونی تارکینِ وطن سمیت جرائم میں ملوث ایسے قانونی تارکینِ وطن کی ملک بدری کی تجاویز پیش کی جو سرکاری امداد پر انحصار کرتے ہیں۔
انٹرویو میں انہوں نے مراکش کے ساتھ تعلقات پر بھی تنقید کی اور سیوتا و میلیا کے حوالے سے مراکشی مؤقف پر تحفظات ظاہر کیے۔
اسرائیل کے ساتھ ووکس کے تعلقات پر گفتگو کے دوران فلسطین کی صورت حال بھی زیرِ بحث آئی۔ میزبان ڈیوڈ برونکانو نے اباسکال سے فلسطینیوں کے خلاف کارروائیوں کی مذمت نہ کرنے پر سوال کیا۔ اس موقع پر دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
اباسکال نے کہا کہ ووکس خانہ جنگی کے دوران لاپتا ہونے والے افراد کی اجتماعی قبروں کی کھدائی اور باقیات کی شناخت کے خلاف نہیں، تاہم ان کی جماعت تاریخی یادداشت کے قانون کی دیگر دفعات کی مخالفت کرتی ہے۔
انٹرویو کے اختتام پر اباسکال نے میزبان کو سیوتا کا جھنڈا بطور تحفہ پیش کیا اور اسے پروگرام میں آویزاں رکھنے کی درخواست کی۔
