میڈرڈ (ڈیلی دوست نیوز) اسپین میں 11 نومبر کو ہونے والی ملک گیر عام ہڑتال کے پیشِ نظر وزارتِ ٹرانسپورٹ نے رینفے (Renfe) ٹرین سروس کے لیے لازمی کم از کم خدمات (Servicios Mínimos) کا اعلان کر دیا ہے۔ ہڑتال کے دوران سرکانیاس (Cercanías) ٹرینیں مصروف اوقات میں 75 فیصد جبکہ تیز رفتار AVE اور طویل فاصلے کی ٹرینیں معمول کے شیڈول کے مقابلے میں 73 فیصد چلائی جائیں گی۔
وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق سرکانیاس ٹرینوں کے لیے 75 فیصد سروس تین مخصوص اوقات میں برقرار رکھی جائے گی۔ صبح 6 سے 9 بجے، دوپہر 1:30 سے 3:30 بجے اور شام 6:30 سے 8:30 بجے تک ٹرینیں 75 فیصد شیڈول کے مطابق چلیں گی، جبکہ باقی اوقات میں 50 فیصد سروس فراہم کی جائے گی۔
درمیانے فاصلے کی ٹرینوں (Media Distancia) کے لیے 65 فیصد سروس برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ تیز رفتار اور طویل فاصلے کی ٹرینیں 73 فیصد معمول کے شیڈول کے مطابق چلیں گی۔ مال بردار ٹرینوں کے لیے کم از کم سروس 26 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
نجی ریلوے کمپنی Iryo کے مطابق 11 نومبر کو شیڈول 44 ٹرینوں میں سے 32 چلانے کی ضمانت دی گئی ہے، جبکہ باقی 12 ٹرینوں کی سروس یقینی نہیں ہوگی۔
اسی طرح Ouigo نے اعلان کیا ہے کہ اس روز شیڈول 26 ٹرینوں میں سے صرف 18 چلیں گی، جبکہ 8 ٹرینیں منسوخ رہیں گی۔
Ouigo کے مطابق متاثرہ مسافر بغیر کسی اضافی فیس کے اپنے ٹکٹ تبدیل کروا سکتے ہیں یا مکمل رقم واپس لے سکتے ہیں۔ دونوں صورتوں میں مسافروں کو ٹکٹ کی قیمت کے 50 فیصد کے برابر اضافی معاوضہ بھی دیا جائے گا، جو نقد واپس نہیں ہوگا بلکہ بطور کریڈٹ استعمال کیا جا سکے گا۔
حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ ہڑتال کے روز سفر سے پہلے اپنی ٹرین کے اوقات اور دستیابی کی تصدیق متعلقہ کمپنی کی ویب سائٹ سے ضرور کر لیں۔
