میڈرڈ (ڈیلی دوست نیوز) اسپین کے وزیراعظم پیدرو سانچیز نے کہا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران کینری جزائر میں تارکینِ وطن کی بڑی تعداد میں آمد سال کے اس وقت معمول کی بات ہے، کیونکہ بحرِ اوقیانوس میں سمندر کی لہریں نسبتاً پرسکون ہوتی ہیں، جس سے غیر قانونی سمندری سفر میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
پیدرو سانچیز کے مطابق نومبر کے ابتدائی 9 دنوں کے دوران 6 ہزار 665 سے زائد تارکینِ وطن کینری جزائر پہنچے ہیں۔ انہوں نے پیر کے روز ایک ٹی وی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر گزشتہ ایک سال کے دوران کینری جزائر میں غیر قانونی ہجرت کے مجموعی اعدادوشمار کا جائزہ لیا جائے تو حالیہ اضافے کے باوجود مجموعی آمد میں تقریباً 70 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں تارکینِ وطن کی بڑی تعداد میں آمد کے معاملے پر انہوں نے کینری جزائر کے صدر فرناندو کلاویخو سے رابطہ کیا ہے۔ دونوں حکومتیں اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے باہمی رابطے اور تعاون کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں بین الوزارتی کمیشن برائے امورِ ہجرت کا اجلاس بھی بلایا جائے گا تاکہ صورت حال کا جائزہ لے کر ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔
سانچیز نے بتایا کہ وزیر داخلہ فرناندو گراندے مارلاسکا سینیگال اور موریطانیہ کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق اسپین کے دونوں ممالک کی حکومتوں کے ساتھ غیر معمولی تعاون اور رابطے موجود ہیں اور امید ہے کہ تارکینِ وطن کی آمد میں حالیہ اضافے پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔
انٹرویو کے دوران پیدرو سانچیز نے آئندہ انتخابی مباحثوں کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ انہوں نے پاپولر پارٹی (PP) پر الزام لگایا کہ وہ سرکاری ٹی وی چینلز کو انتخابی مباحثوں سے دور رکھنا چاہتی تھی۔
سانچیز کے مطابق ابھی مباحثوں کی تاریخیں طے نہیں ہوئیں، تاہم ان کا خیال ہے کہ دو مباحثے منعقد ہو سکتے ہیں۔ پہلے مباحثے میں وہ خود اور پی پی کے سربراہ البرتو نونیز فیخو آمنے سامنے ہوں گے، جبکہ دوسرے مباحثے میں ووکس کے رہنما سانتیاگو اباسکال اور فرنٹ آمپلیو کی رہنما ادا کولاؤ سمیت چار سیاسی رہنما شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی مباحثوں کو تمام دلچسپی رکھنے والے ٹی وی چینلز پر نشر کرنے کا معاہدہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔
