مانچسٹر: یہودی عبادت گاہ میں حملہ،حملہ آور ہلاک، چار افراد زخمی

IMG_0911

مانچسٹر (انٹرنیشنل ڈیسک) مانچسٹر پولیس نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کے روز شہر کے نواحی علاقے کرمزل (Crumpsall) میں واقع ایک یہودی عبادت گاہ میں یومِ کپور کے موقع پر ہونے والے حملے کے دوران مبینہ طور پر ایک شخص نے پہلے گاڑی سے لوگوں کو کچلا اور پھر چاقو سے حملہ کیا۔ واقعے میں کم از کم چار افراد زخمی ہوئے جن میں ایک کو چاقو کے وار لگے۔

پولیس کے مطابق مسلح اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور کارروائی کے دوران حملہ آور کو گولی مار دی گئی۔ تاہم ابھی تک اس کی حالت یا ہلاکت کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔ زخمیوں کی حالت کے بارے میں بھی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

واقعہ صبح تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا۔ نارتھ ویسٹ ایمبولینس سروس کے مطابق جائے وقوعہ پر فوری طور پر امدادی ٹیمیں روانہ کی گئیں جنہوں نے متاثرین کو طبی امداد فراہم کی۔

مانچسٹر کے میئر اینڈی برنہام نے بی بی سی سے گفتگو میں کہا کہ “حملہ اب قابو میں ہے اور فوری خطرہ ٹل گیا ہے”، تاہم شہریوں کو علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پولیس نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ واقعے کو ممکنہ دہشت گرد حملہ تصور کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے ایم آئی 5 سمیت برطانوی اداروں کے ساتھ مشترکہ تحقیقات جاری ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب یومِ کپور — جو یہودی برادری کے لیے سال کا سب سے مقدس دن ہے — کے موقع پر بڑی تعداد میں افراد عبادت گاہوں میں موجود تھے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے