اسپین میں 11 نومبر کی عام ہڑتال کے منتظمین نے خبردار کیا ہے کہ 29 نومبر کے انتخابات کے بعد بننے والی حکومت نے اگر پنشن، صحت کے نظام اور عوامی خدمات میں کٹوتیاں کیں تو ملک بھر میں احتجاجی تحریک دوبارہ شروع کی جائے گی۔
اسپین میں 11 نومبر کو ہونے والی عام ہڑتال کے منتظمین کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز ہونے والے احتجاجی مظاہرے محض ایک آغاز ہیں۔ مزدور یونینز اور سماجی تنظیمیں گزشتہ کئی ماہ سے رہائش کے بڑھتے ہوئے بحران، مکانات کی عدم دستیابی اور عوامی خدمات کے بجٹ میں مسلسل کٹوتیوں کے خلاف احتجاجی حکمت عملی تیار کر رہی ہیں۔
ورکرز کمیشنز (CCOO) کے سیکریٹری اطلاعات مارسیلو پیکازو نے اخبار ایل پائیس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں حصہ لینے والی کئی سیاسی جماعتیں اپنی پالیسیوں کا واضح اعلان کر رہی ہیں، جن میں سے بعض اقدامات عوام کے مفادات کے خلاف ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر نئی حکومت نے عوام کے خلاف فیصلے کیے تو یونینز دوبارہ اس کے سامنے احتجاج کے لیے موجود ہوں گی۔
انہوں نے پنشن میں ممکنہ کٹوتیوں، بیماری کی چھٹیوں کے قوانین سخت کرنے اور ووکس جماعت کی جانب سے 60 ارب یورو کے سرکاری اخراجات میں کمی کی تجویز پر بھی تشویش ظاہر کی۔
دوسری جانب کرایہ داروں کی یونین کی ترجمان ایلیسیا ڈیل ریو نے تاریخی عام ہڑتال کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ سماجی احتجاجی تحریک ابھی شروع ہوئی ہے اور مستقبل میں مزید مظاہرے کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق رہائشی بحران کے ذمہ دار صرف حکومت نہیں بلکہ بڑی کاروباری کمپنیاں اور کرایوں سے منافع کمانے والے مالکان بھی ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ مکانات کی خرید و فروخت میں قیاس آرائی اور ناجائز منافع خوری روکی جائے، خالی گھروں کو رہائش کے لیے استعمال میں لایا جائے اور کرایوں میں قانونی طور پر کمی کی جائے۔
ادھر UGT یونین نے مہنگائی کے مقابلے میں کم اجرتوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے 2027 کے لیے کم از کم اجرت میں 7 فیصد اضافے اور تنخواہوں میں 4.9 فیصد سے زیادہ اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔
یونینز کا کہنا ہے کہ آئندہ حکومت کے اقدامات کے مطابق احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے مزدور تنظیمیں اور رہائشی تحریکیں مشترکہ جدوجہد کریں گی۔
