اسپین کی مرکزی اپوزیشن جماعت پاپولر پارٹی (پی پی) کے سربراہ اور 29 نومبر کے عام انتخابات میں وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار البرتو نونیز فیخوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انہیں بھرپور مینڈیٹ دیں تاکہ موجودہ وزیراعظم پیدرو سانچیز کی پالیسیوں اور نام نہاد ’’سانچیز ازم‘‘ کو جلد از جلد ختم کیا جا سکے۔
فیخوں نے کہا کہ اگر ان کی جماعت اقتدار میں آتی ہے تو جمہوری اداروں کی بحالی، رہائشی بحران کا حل اور سیاست میں سچائی، دیانت داری اور شفافیت کو دوبارہ فروغ دینا حکومت کی بنیادی ترجیحات ہوں گی۔
روزنامہ ’لا راثون‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سے فوری اقدامات میں سیوتا میں معمولاتِ زندگی بحال کرنا، رہائش کے سنگین بحران کا حل تلاش کرنا، بنیادی ڈھانچے کی حالت کا جائزہ لینا اور غیر قانونی امیگریشن پر قابو پانا شامل ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت کے ابتدائی 100 دنوں میں ریاستی انتظامیہ کے اخراجات کا مکمل آڈٹ کیا جائے گا، جس کے ذریعے سرکاری اخراجات، آمدنی، قرضوں، خسارے اور غیر تسلیم شدہ مالی ذمہ داریوں کی حقیقی صورتحال عوام کے سامنے لائی جائے گی۔
فیخوں کے مطابق گزشتہ سوشلسٹ حکومتوں کے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے آڈٹ کے دوران کئی حیران کن انکشافات سامنے آ سکتے ہیں۔ انہوں نے بجٹ کے بغیر اخراجات، بجلی کے نظام کی خرابیوں، بنیادی ڈھانچے کے مسائل اور دفاعی ذمہ داریوں سے متعلق خدشات بھی ظاہر کیے۔
پی پی سربراہ نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد ان کی جماعت موجودہ حکومت کی بعض اہم قانون سازی ختم یا تبدیل کرے گی۔ ان میں رہائشی قانون (Ley de Vivienda) اور جمہوری یادداشت کا قانون (Ley de Memoria Democrática) شامل ہیں۔ انہوں نے رہائشی قانون کو موجودہ حکومت کی مدت کا سب سے بڑا ناکام منصوبہ قرار دیا۔
انہوں نے عدالتی اداروں کی آزادی یقینی بنانے، اٹارنی جنرل کی مدت پانچ سال مقرر کرنے، بدعنوانی کے مقدمات میں معافی پر پابندی لگانے اور عدلیہ کے اعلیٰ اداروں میں اصلاحات کا بھی وعدہ کیا۔
فیخوں نے پیدرو سانچیز کو ’’زہریلی شخصیت‘‘ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ انہوں نے اپنے آٹھ سالہ دورِ حکومت میں سیاسی تقسیم کو فروغ دیا اور اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے راستے بند کیے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ انتخابی شکست کی صورت میں سوشلسٹ پارٹی خود سانچیز کو قیادت سے الگ کر دے گی۔
فیخوں نے کہا کہ بچوں کو سوشل میڈیا کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے گزشتہ برسوں میں کیے گئے اقدامات برقرار رہیں گے۔ سرکاری ٹیلی ویژن RTVE کے مستقبل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسے حکومتی اثر و رسوخ سے آزاد ہونا چاہیے اور یہ کسی بھی صورت ’’شمالی کوریا کے ٹیلی ویژن‘‘ جیسا نہیں ہونا چاہیے۔
