کینری جزائر کے مہاجرین کے راستے کی 32 سالہ تاریخ میں ایک دن کے دوران ریسکیو کیے جانے والے افراد کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
اسپین کے کینری جزائر میں ہفتے کے روز بحرِ اوقیانوس میں مہاجرین کو بچانے کے لیے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران 14 مہاجر کشتیوں میں سوار مجموعی طور پر 1,488 افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔ یہ تعداد کینری جزائر کے مہاجرین کے راستے کی گزشتہ 32 سالہ تاریخ میں ایک ہی دن کے دوران ریسکیو کیے جانے والے افراد کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
اس سے قبل 7 نومبر 2020 کو ایک ہی دن میں 1,461 افراد کو ریسکیو کیا گیا تھا، تاہم ہفتے کے روز یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔
امدادی کارروائیوں میں میری ٹائم ریسکیو کی چھ کشتیاں اور سول گارڈ کی دو گشتی کشتیاں شریک ہوئیں۔ ریسکیو کیے گئے زیادہ تر افراد کو ایل ہیرو جزیرے پر پہنچایا گیا، جبکہ کچھ افراد کو گران کینریا اور تینیریف میں اتارا گیا۔
ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق، ایل ہیرو میں 12 کشتیوں کے ذریعے 1,235 افراد پہنچے، گران کینریا میں ایک کشتی سے 203 جبکہ ٹینیریف میں ایک کشتی سے 50 افراد کو اتارا گیا۔
ریسکیو کیے گئے افراد میں 108 خواتین اور 167 نابالغ بچے بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق یہ اعداد و شمار ابتدائی ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری رہنے کے باعث ان میں تبدیلی ممکن ہے۔
صرف 48 گھنٹوں میں 2,331 مہاجرین کینری جزائر پہنچ گئے
رپورٹ کے مطابق جمعے کے روز آٹھ کشتیوں کے ذریعے 843 افراد کینری جزائر پہنچے تھے، جبکہ ہفتے کے روز مزید 1,488 افراد کو 12 کشتیوں سے ریسکیو کیا گیا۔ اس طرح صرف دو دن میں 22 کشتیوں کے ذریعے مجموعی طور پر 2,331 مہاجرین جزائر پہنچ چکے ہیں۔
ہفتے کے روز ایل ہیرو پہنچنے والی سب سے بڑی کشتی میں 240 افراد سوار تھے، جن میں 12 خواتین اور 36 بچے شامل تھے۔ یہ کشتی گیمبیا کے علاقے گنجور سے چھ روز کا سمندری سفر طے کرکے پہنچی تھی۔ اس کے مسافروں کا تعلق سینیگال، گیمبیا اور گنی کوناکری سے تھا۔
ایک اور کشتی 171 افراد کو لے کر سینیگال کے علاقے ایم بور سے پانچ روز کے سفر کے بعد پہنچی، جبکہ 214 افراد پر مشتمل کشتی نے تھیارویے سور میر سے چھ روز قبل سفر شروع کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق بعض امدادی کارروائیاں تاحال جاری تھیں، اس لیے مہاجرین کی مجموعی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
