اسپین اور مراکش میں حالیہ انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں نے یورپی سلامتی کے حوالے سے نئے خدشات پیدا کر دیے ہیں۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ داعش کی ساحل (Sahel) میں سرگرم شاخ مالی، نائجر اور برکینا فاسو سے مراکش کے راستے اسپین تک ایک لاجسٹک نیٹ ورک قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جسے مستقبل میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
امریکی تھنک ٹینک ’’سوفان سینٹر‘‘ کے ڈائریکٹر کولن پی کلارک، محقق لوکاس ویبر اور پیٹر اسمتھ نے اپنے تجزیے میں کہا ہے کہ ساحل کا خطہ اب یورپ سے دور کوئی محدود جنگی علاقہ نہیں رہا بلکہ بین الاقوامی دہشت گردی کا اہم مرکز بنتا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق داعش اسمگلنگ کے پہلے سے موجود راستوں، تارکین وطن کے نیٹ ورکس اور انٹرنیٹ پر انتہا پسندانہ پروپیگنڈے کے ذریعے افراد بھرتی کرنے، مالی وسائل منتقل کرنے اور بحیرہ روم کے دونوں جانب کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
رپورٹ میں آبنائے جبل الطارق، طنجہ، سیوتہ، ملیلیہ اور جزائرِ بالیئرک کو اس مبینہ نیٹ ورک کے اہم راستوں میں شمار کیا گیا ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ مراکشی حکام 2025 سے داعش ساحل سے منسلک کئی دہشت گرد سیلز کے خلاف کارروائیاں کر چکے ہیں۔ گزشتہ مارچ میں اسپین اور مراکش نے مشترکہ کارروائی کے دوران طنجہ اور مالورکا سے منسلک ایک نیٹ ورک ختم کیا، جس پر ساحل اور صومالیہ میں جنگجوؤں کی مالی معاونت اور اسپین میں حملے کی منصوبہ بندی کا الزام تھا۔ جولائی میں بھی اسلحہ اور کار بم رکھنے والے ایک مبینہ نیٹ ورک کو بے نقاب کیا گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق داعش کے پروپیگنڈے میں اب اسپین، مراکش اور تیونس میں حملوں کی اپیلیں بھی شامل ہیں۔
ماہرین نے یورپی یونین، اسپین اور مراکش کے خفیہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ساحل میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو نظرانداز کرنا یورپ کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
