ٹی وی پروگرام ’’لا سیپتیما‘‘ میں گفتگو کے دوران ہسپانوی وزیراعظم نے اپنی اہلیہ بیگونا گومیز سے محبت، والد کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں اور ذاتی زندگی کے دلچسپ پہلوؤں پر کھل کر بات کی۔
ہسپانوی وزیراعظم پیدرو سانچیز نے کچھ دیر کے لیے سرکاری مصروفیات کو ایک طرف رکھتے ہوئے ٹی وی پروگرام ’’Fuera de Control‘‘ میں شرکت کی، جہاں اینکرز البا کاریلو اور مارتا مارکیز نے ان کا انٹرویو کیا۔
یہ انٹرویو 29 نومبر کے عام انتخابات کے لیے انتخابی مہم کے دوران نشر کیا گیا۔ اس گفتگو میں سانچیز نے اپنی سیاسی زندگی کے بجائے ذاتی زندگی، خاندان، محبت، کھیل اور روزمرہ معمولات کے بارے میں دلچسپ باتیں شیئر کیں۔
بیگونا گومیز سے محبت کا اظہار
انٹرویو کے دوران جب ان سے اہلیہ بیگونا گومیز کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے اپنے جذبات کا کھل کر اظہار کرتے ہوئے کہا’’میں اپنی اہلیہ سے بہت محبت کرتا ہوں اور آج بھی ان کے عشق میں مبتلا ہوں۔‘‘
پیدرو سانچیز نے بتایا کہ ان کی محبت کی کہانی کو 23 سال گزر چکے ہیں اور اس رشتے سے ان کی دو بیٹیاں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بیگونا سے ان کی پہلی ملاقات ایک پارٹی میں ہوئی تھی۔ اس وقت دونوں کی عمریں تقریباً 30 یا 31 سال تھیں، دونوں ملازمت کرتے تھے اور اپنی اپنی رہائش بھی رکھتے تھے۔
سانچیز کے مطابق پہلی ملاقات ہی میں انہیں ایک دوسرے سے محبت ہوگئی تھی اور دو سے تین ماہ کے اندر ہی دونوں نے ایک ساتھ رہنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔
ان کی پہلی بیٹی ملاقات کے تقریباً ڈیڑھ سال بعد پیدا ہوئی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ بیگونا گومیز کو شادی کی پیشکش بھی انہوں نے خود کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ دونوں ایک ایشیائی ریسٹورنٹ میں گئے تھے، جہاں انہوں نے سادہ انداز میں اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے شادی کی خواہش ظاہر کی۔
انہوں نے کہا’’میں نے انہیں بتایا کہ میں ان سے محبت کرتا ہوں اور ان سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔‘‘
پیدرو سانچیز نے اپنی دونوں بیٹیوں کے بارے میں بتایا کہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں اور اپنے والد کی سیاسی اور عوامی زندگی سے دور رہنا پسند کرتی ہیں۔
ان کے مطابق دونوں بیٹیاں خود کو عوامی توجہ اور میڈیا کی دنیا سے الگ رکھنا چاہتی ہیں۔
سانچیز نے کہا’’وہ دونوں بہت زیادہ نسوانی حقوق کی حامی اور ترقی پسند سوچ رکھتی ہیں۔ انہوں نے بھی بہت کچھ برداشت کیا ہے۔‘‘
انٹرویو میں ان سے پوچھا گیا کہ کیا کبھی ان کی بیٹیاں گھر آکر روتے ہوئے ان سے حکومت چھوڑنے کا مطالبہ کرتی ہیں؟
اس پر وزیراعظم نے جواب دیا’’نہیں، وہ بہت مضبوط ہیں۔‘‘تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کی بیٹیوں کو بعض اوقات اپنے والد کی وجہ سے ناخوشگوار حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بعض بارز میں چند افراد ان کی بیٹیوں کی موجودگی سے بے خبر ہوکر ان کے خلاف توہین آمیز نعرے لگاتے ہیں۔ اس صورت حال سے ان کی بیٹیاں خود کو شدید بے عزت اور پریشان محسوس کرتی ہیں اور بعض اوقات انہیں وہاں سے جانا پڑتا ہے۔
سانچیز کے مطابق جب ان کی بیٹیاں اپنے والدین کو مشکلات کے باوجود مضبوط اور مطمئن دیکھتی ہیں تو انہیں بھی اطمینان ہوتا ہے۔
انٹرویو کا ایک دلچسپ حصہ اس وقت سامنے آیا جب اینکرز نے ان سے پوچھا کہ وہ بطور سسر کیسے ہیں؟
سانچیز نے مسکراتے ہوئے اعتراف کیا’’شروع میں میرا رویہ کچھ فاصلے والا تھا۔‘‘تاہم اب ان کے مطابق تعلقات پہلے سے زیادہ دوستانہ ہوگئے ہیں اور وہ اپنی ایک بیٹی کے دوست کے ساتھ کھانے پر بھی وقت گزار چکے ہیں۔
انہوں نے ایک دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ جب ان کی بیٹی کا دوست پہلی مرتبہ مونکلوا محل آیا تو اسے معلوم ہوا کہ اس کی گرل فرینڈ کے والد دراصل اسپین کے وزیراعظم ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ لڑکے کی والدہ کو بھی معلوم نہیں تھا کہ ان کی بیٹی کا ہونے والا سسر کون ہے۔ جب وہ مونکلوا پہنچیں تو حیران ہوکر پوچھنے لگیں:
’’تم مجھے کہاں لے آئے ہو؟ یہ کون ہیں؟‘‘
سانچیز نے بتایا کہ وہ ابھی تک لڑکے کے والدین سے نہیں ملے، لیکن ان کی بیٹی کے مطابق وہ بہت اچھے لوگ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ لڑکا ان کی بیٹی سے محبت کرتا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ان کی بیٹی کا دوست ریاضی دان ہے اور ترقی پسند سوچ رکھتا ہے۔ انہوں نے مذاق میں کہا کہ ریاضی دان کچھ خاص قسم کے لوگ ہوتے ہیں۔
اپنی ذاتی دلچسپیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے پیدرو سانچیز نے بتایا کہ وہ اب بھی کبھی کبھار اپنے دوستوں کے ساتھ باسکٹ بال کھیلتے ہیں، اگرچہ پہلے جیسی باقاعدگی سے کھیلنا ممکن نہیں رہا۔
انہوں نے کہا’’مجھے کھیلوں سے بہت محبت ہے اور میں آپ کو بتاؤں کہ وزیراعظم جیسی ذمہ داریاں نبھانے میں بھی کھیل بہت مددگار ثابت ہوتا ہے۔‘‘
ان کے مطابق ورزش ذہنی دباؤ کم کرتی ہے، جسم سے اضافی توانائی خارج ہوتی ہے اور انسان کو روزمرہ ذمہ داریوں سے کچھ دیر کے لیے نجات ملتی ہے۔
انٹرویو کے دوران ان کی جوانی کی ایک تصویر بھی دکھائی گئی، جس میں وہ ایسٹودیانٹس کلب کی جانب سے باسکٹ بال کھیلتے نظر آرہے تھے۔ یہ تصویر میڈرڈ کے ماگارینوس اسپورٹس کمپلیکس میں لی گئی تھی۔
انٹرویو میں سانچیز کا وہ مشہور بیان بھی یاد دلایا گیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد مونکلوا محل میں ان کا پہلا کام سابق وزیراعظم ماریانو راجوئے کا گدا تبدیل کرنا تھا۔
سانچیز نے تصدیق کی کہ یہ بات بالکل درست تھی۔انہوں نے وضاحت کی کہ ایسا انہوں نے اپنی ذاتی طہارت اور احساسِ تحفظ (پڈور) کی وجہ سے کیا تھا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ مونکلوا محل ایک ایسا تاریخی عمارت ہے جسے مرمت اور تزئین و آرائش کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یاد کیا کہ جب وہ ابتدائی دنوں میں وہاں منتقل ہوئے تو رات کے وقت ہوا کے دباؤ سے کھڑکیاں خود بخود کھل جایا کرتی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ محل کی تین منزلیں ہیں۔ دوسری منزل خاندان کی رہائش کے لیے مخصوص ہے جبکہ باقی منزلوں پر سرکاری سرگرمیاں اور وزیراعظم کے دفتر سے متعلق انتظامی امور انجام دیے جاتے ہیں۔
تاہم اس گفتگو کا سب سے دلچسپ اور خوشگوار واقعہ ان کی ایک بیٹی سے متعلق تھا۔
سانچیز نے بتایا کہ جب ان کا خاندان پہلی مرتبہ مونکلوا محل میں رہنے آیا تو عمارت کے بعض حصے ایسے تھے جہاں بہت کم لوگ آتے جاتے تھے۔
اس وسیع اور خاموش عمارت کو دیکھ کر ان کی ایک بیٹی سمجھنے لگی کہ یہاں بھوت رہتے ہیں۔
یہ واقعہ سن کر پروگرام کی میزبانیں بھی ہنس پڑیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ گھر میں کھانا کون پکاتا ہے تو سانچیز نے بتایا کہ اب وہ خود زیادہ کھانا نہیں پکاتے۔
انہوں نے کہا’’پہلے میں کھانا پکایا کرتا تھا، لیکن اب ہمارے پاس بہت اچھے ماہرین موجود ہیں۔‘‘
انہوں نے ایک دلچسپ انکشاف یہ بھی کیا کہ اسپین کی جمہوری تاریخ میں پہلی مرتبہ مونکلوا محل میں ایک خاتون کو ہیڈ شیف مقرر کیا گیا ہے۔
پروگرام میں ان کی ایک پرانی گفتگو کا حوالہ بھی دیا گیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ 31 سال کی عمر تک خاصے عاشق مزاج تھے۔
سانچیز نے بتایا کہ ان کی پہلی گرل فرینڈ اطالوی تھی، جس سے ان کی ملاقات 14 سال کی عمر میں ہوئی تھی۔
انہوں نے اپنی نوعمری کے لباس اور انداز کے بارے میں بھی دلچسپ باتیں بتائیں۔
ان کے مطابق وہ اس زمانے میں بریک ڈانس کرنے والے نوجوانوں جیسا لباس پہنتے تھے، جس میں ٹریک سوٹ اور جوتوں کے ساتھ موٹے، شوخ رنگوں والے فیتے شامل ہوتے تھے۔
میڈرڈ کا علاقہ آزکا ان نوجوانوں کا مشہور مرکز تھا جو اس شہری ثقافت اور بریک ڈانس میں دلچسپی رکھتے تھے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اسٹوڈیو میں بریک ڈانس کرکے دکھا سکتے ہیں تو انہوں نے ہنستے ہوئے کہا’’میں بریک ڈانس زیادہ اچھا نہیں کرتا تھا، اس لیے میں اس میں ماہر نہیں تھا۔‘‘
پیدرو سانچیز نے اپنی زندگی کے بارے میں پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ان کے بارے میں دل کی بیماری اور بیگونا گومیز سے علیحدگی جیسی افواہیں بھی پھیلائی گئیں۔
ان کے الفاظ میں’’کبھی کہا جاتا ہے کہ میں بیگونا سے علیحدگی اختیار کر رہا ہوں، کبھی کہا جاتا ہے کہ میں بیمار ہوں۔ یہ سب ایسی باتیں ہیں جو ہوتی رہتی ہیں۔‘‘
انٹرویو کے دوران ان کی ایک پرانی بات بھی دہرائی گئی کہ انہیں برتن دھونا، کچن کی صفائی کرنا اور میز پوش ہٹانا ذہنی سکون دیتا ہے۔
سانچیز نے بتایا کہ آج بھی ان کی یہی عادت برقرار ہے اور گھر میں وہ اور بیگونا گومیز اپنی ذمہ داریاں آپس میں تقسیم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا’’اگر گھر میں ذمہ داریوں کی تقسیم ہو، مثلاً بیگونا کھانا پکاتی ہیں تو میں میز لگاتا ہوں، کھانے کے بعد میز صاف کرتا ہوں اور برتن دھوتا ہوں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کام وہ کسی مجبوری کے تحت نہیں کرتے بلکہ انہیں خود ایسا کرنا اچھا لگتا ہے۔
’’اگر برتن ڈش واشر میں ڈال دیے جائیں تو ٹھیک ہے، لیکن اگر ایسا نہ ہو تو میں خود برتن دھو لیتا ہوں۔‘‘
گفتگو کے آخری حصے میں خاندانی زندگی اور سرکاری ذمہ داریوں کے درمیان توازن قائم رکھنے کے موضوع پر بات ہوئی۔
سانچیز نے اعتراف کیا کہ وزیراعظم کی ذمہ داریوں کے ساتھ خاندان کو مناسب وقت دینا آسان نہیں، تاہم انہیں ایک سہولت حاصل ہے کہ ان کی رہائش گاہ اور دفتر ایک ہی جگہ واقع ہیں۔
انہوں نے بتایا’’اگر میرے پاس آدھا گھنٹہ فارغ ہو تو میں گھر جا سکتا ہوں، اپنی بیٹیوں سے بات کرسکتا ہوں، ان کے ساتھ وقت گزار سکتا ہوں یا کافی پی سکتا ہوں اور پھر واپس اپنے کام پر آجاتا ہوں۔‘‘
انہوں نے مزید بتایا کہ اگر انہیں کوئی تقریر تیار کرنی ہو یا سرکاری دستاویزات پڑھنی ہوں تو وہ اپنے رہائشی حصے میں جاکر بھی یہ کام کرسکتے ہیں۔
ان کے مطابق اگرچہ وہ ہر وقت اپنی بیٹیوں کے ساتھ نہیں ہوتے، لیکن انہیں یہ احساس ضرور رہتا ہے کہ ان کے والد قریب ہی موجود ہیں۔
سانچیز نے کہا کہ سرکاری دوروں، بیرونی اجلاسوں اور انتخابی مہم کے علاوہ وہ اپنی بیٹیوں کے قریب رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے آخر میں ہنستے ہوئے کہا’’اب تو ہماری بیٹیوں کی عمر ایسی ہوگئی ہے کہ انہیں بھی اپنے والدین کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے توازن پیدا کرنا چاہیے۔‘‘
