اسپین کی سیاسی جماعت پودیموس (Podemos) نے 29 نومبر کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے اپنے انتخابی منشور میں متعدد اہم سماجی اور معاشرتی اصلاحات کا اعلان کیا ہے۔ جماعت کی امیدوار آئرینے مونتیرو نے منگل کو انتخابی پروگرام پیش کرتے ہوئے کم از کم بنیادی آمدنی (IMV) کو تمام شہریوں کے لیے غیر مشروط یونیورسل آمدنی میں تبدیل کرنے کی تجویز دی ہے۔
منشور کے مطابق بچوں کی پرورش کے لیے 21 سال کی عمر تک ہر بچے کے عوض ماہانہ الاؤنس دیا جائے گا، جو کم از کم اجرت (SMI) کا 15 فیصد ہوگا۔ اس کے علاوہ بچے کی زندگی کے ابتدائی ایک ہزار دنوں کے لیے خصوصی امدادی منصوبہ بھی متعارف کرایا جائے گا۔
پودیموس نے بچے کی پیدائش، گود لینے یا سرپرستی کی صورت میں والدین کی چھٹی 19 سے بڑھا کر 26 ہفتے کرنے کی تجویز دی ہے۔ اکیلے بچوں کی پرورش کرنے والی ماؤں کے لیے یہ مدت دگنی ہوگی۔ بچوں کی دیکھ بھال اور خاندانی ضروریات کے لیے اضافی تنخواہ کے ساتھ چھٹیوں کی سہولت بھی دی جائے گی۔
جماعت نے روایتی خاندانوں کے علاوہ دوستوں اور منتخب کردہ خاندانی رشتوں کو بھی قانونی طور پر دیکھ بھال کے حقوق دینے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس کے تحت دوستوں کو بیماری، اسپتال میں داخلے اور دیگر ہنگامی حالات میں ایک دوسرے کی دیکھ بھال کے لیے باقاعدہ چھٹی مل سکے گی۔
منشور میں بزرگوں کے لیے باعزت رہائش، طبی سہولیات اور مالی تحفظ کی ضمانت دینے کے لیے نیا قانون متعارف کرانے، سرکاری نرسنگ ہومز کو فروغ دینے اور غیر پیشہ ورانہ نگہداشت کرنے والوں کو مالی امداد دینے کی تجاویز شامل ہیں۔
خواتین کے خلاف ہر قسم کے تشدد کی روک تھام کے لیے ایک ارب یورو کا خصوصی فنڈ قائم کرنے، متاثرہ خواتین کو چھ ماہ تک کم از کم اجرت کے برابر مالی امداد اور فوری رہائشی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا ہے۔ ماہواری سے متعلق مصنوعات پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (IVA) ختم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
پودیموس نے سابقہ دور میں خواتین کے تحفظ کے اداروں کے انتظام میں شامل بعض مذہبی تنظیموں کے خلاف کارروائی اور سرکاری فنڈز سے چلنے والی سماجی خدمات کے ٹھیکے روکنے کی تجویز دی ہے۔
آئرینے مونتیرو نے چرچ کے خصوصی مراعات ختم کرنے اور ویٹیکن کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی کا اعلان بھی کیا۔ انتخابی پروگرام میں کسی بھی مذہبی رہنما کو پارلیمنٹ کے ایوان سے خطاب کرنے کی اجازت نہ دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔ یہ تجویز پوپ لیو چہاردہم کے گزشتہ جون میں اسپین کے دورے کے دوران پارلیمنٹ سے خطاب کے تناظر میں پیش کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ٹرانس جینڈر افراد کے حقوق، سرکاری دستاویزات میں نان بائنری جنس کی شناخت اور ایل جی بی ٹی آئی کیو اے پلس کمیونٹی کے تحفظ کے لیے بھی متعدد اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
