بارسلونا سٹی کونسل نے 2025 سے اب تک 24 گھنٹے کھلے رہنے والے سپر مارکیٹس اور منی مارکیٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 3 لاکھ یورو کے جرمانے عائد کر دیے ہیں۔ بلدیہ کے مطابق 90 سے زائد دکانوں کی پانچ خصوصی انسپیکشن مہمات کے دوران 880 سے زیادہ مختلف خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں۔
یہ اعداد و شمار بارسلونا کی کونسلر برائے تجارت راکیل گل نے بدھ کے روز بلدیاتی کمیشن کے اجلاس میں پیش کیے۔ انہوں نے بتایا کہ انسپیکشن کے دوران تقریباً 30 احتیاطی اقدامات بھی کیے گئے، جن میں بعض دکانوں کو سیل کرنے کے احکامات اور کچھ کاروباروں کی بندش شامل ہے۔ گزشتہ سال سے اب تک مجموعی طور پر 240 جرمانوں کی کارروائیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
بارسلونا میں اس وقت کم از کم 1,300 کے قریب چھوٹی گروسری اور 24 گھنٹے کھلی رہنے والی دکانیں موجود ہیں۔ ان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث شہری انتظامیہ نے گزشتہ مئی میں ایک سال کے لیے نئے کاروباری لائسنس جاری کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی، تاکہ ان دکانوں کے پھیلاؤ کو منظم کرنے کے لیے نئے ضابطے تیار کیے جا سکیں۔
سیاسی جماعت جونتس کے کونسلر خوان رودریگز نے شہر میں ان دکانوں کی بے قابو تعداد اور شہری منصوبہ بندی کے مسائل پر تشویش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض کاروبار انسپیکشن کے بعد بھی جرمانے ادا نہیں کرتے یا ایک دن دکان بند کرکے اگلے روز دوبارہ کھول لیتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نئے لائسنسوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ تاخیر سے کیا گیا۔
دوسری جانب راکیل گل نے یقین دہانی کرائی کہ بلدیہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے نگرانی اور قانونی ضابطوں دونوں پر کام کر رہی ہے۔ ان کے مطابق نئے قوانین پورے شہر پر لاگو ہوں گے تاکہ کاروبار ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں منتقل ہو کر پابندیوں سے بچ نہ سکیں۔
یاد رہے کہ اکتوبر کے آخر میں گریشیا کے علاقے میں ایک بڑی کارروائی کے دوران بجلی چوری اور صفائی و حشرات کے مسائل کے باعث 11 سپر مارکیٹس بھی بند کی گئی تھیں۔
