حکومت کی نئی پالیسی سے چھوٹے کاروباروں کو سالانہ 1.8 ارب یورو کی مالی سہولت ملنے کی توقع، انکم ٹیکس میں کمی اور ویریفیکٹو نظام کے نفاذ میں بھی اکتوبر 2028 تک توسیع
میڈرڈ/ اسپین کی حکومت نے خود روزگار افراد (Autónomos) اور چھوٹے کاروباروں کو مالی اور انتظامی سہولت فراہم کرنے کے لیے ٹیکس اصلاحات کے ایک بڑے پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔ نئے اقدامات کے تحت انکم ٹیکس (IRPF) میں کمی، سہ ماہی ادائیگیوں میں رعایت اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس (IVA) کے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے گا۔
وزیر خزانہ آرکادی ایسپانیا نے کابینہ کے اجلاس کے بعد بتایا کہ تقریباً 11 لاکھ چھوٹے کاروباری افراد اور پیشہ ور افراد، جن کی سالانہ آمدنی 85 ہزار یورو سے کم ہے، نئے خصوصی نظام سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ انہیں اب ہر تین ماہ بعد وی اے ٹی کی ادائیگی اور گوشوارے جمع کرانے کے بجائے سال میں صرف ایک مرتبہ سالانہ گوشوارہ جمع کرانے کی سہولت دی جائے گی۔ اس اقدام سے کاروباروں کو 577 ملین یورو کی مالی سہولت ملنے کا تخمینہ ہے۔
انکم ٹیکس میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے۔ براہ راست آمدنی کی بنیاد پر ٹیکس ادا کرنے والے خود روزگار افراد کے لیے کاروباری اخراجات اور غیر یقینی مالی نقصانات کی کٹوتی کی شرح 5 فیصد سے بڑھا کر 10 فیصد کر دی گئی ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ کٹوتی کی حد 2 ہزار سے بڑھا کر 3 ہزار یورو کر دی گئی ہے۔ اس سے تقریباً 16 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔
اسی طرح ماڈیولز کے نظام کے تحت ٹیکس ادا کرنے والوں کے لیے خالص آمدنی پر رعایت بھی 5 سے بڑھا کر 10 فیصد کر دی گئی ہے۔
حکومت نے سہ ماہی ایڈوانس انکم ٹیکس کی شرح بھی 20 سے کم کرکے 19 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بعض شرائط پوری کرنے والے افراد کو یہ ادائیگیاں مکمل طور پر روکنے کی سہولت بھی مل سکتی ہے۔
مزید برآں، Verifactu نظام کا نفاذ اکتوبر 2028 تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔
حکومت کے مطابق ان اقدامات سے مجموعی طور پر چھوٹے کاروباروں کو 1.8 ارب یورو کی مالی سہولت اور 465 ملین یورو کی ٹیکس بچت حاصل ہوگی۔
