بارسلونا: اسپین کے وزیرِاعظم پیدرو سانچیز نے بادالونا کے میئر اور پاپولر پارٹی (PP) کے رہنما زیویئر گارسیا آلبیول کو فٹبالر لامین یامل کی قومی ٹیم کی شرٹ سے متعلق بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسپین ایک ایسا ملک ہے جہاں مختلف ثقافتوں اور شناختوں کے لوگ آباد ہیں اور یہی اس کی اصل پہچان ہے۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب زیویئر گارسیا آلبیول نے کھیلوں کے اخبار اسپورٹ (Sport) کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ بارسلونا کے اسٹار فٹبالر لامین یامل کی شرٹ نہیں پہنیں گے۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا وہ اسپین کی قومی ٹیم کی وہ شرٹ پہننا پسند کریں گے جس پر لامین یامل کا نام اور نمبر درج ہو۔
آلبیول نے جواب دیا کہ انہیں لامین یامل زیادہ پسند نہیں اور وہ اس بات کو پوری سچائی کے ساتھ تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ابتدا میں یامل کا رویہ کچھ زیادہ پسند نہیں تھا، تاہم ان کے خیال میں گزشتہ چند برسوں کے دوران فٹبالر کے رویے اور شخصیت میں کافی پختگی آئی ہے۔
آلبیول نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کی تنقید یامل کی فٹبال صلاحیتوں پر نہیں ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ لامین یامل غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک اور بہترین کھلاڑی ہیں، لیکن ان کے ابتدائی رویے پر انہیں تحفظات تھے۔
آلبیول، جو خود ایسپانیول (Espanyol) فٹبال کلب کے مداح ہیں، نے مزید کہا کہ قومی ٹیم میں شامل بارسلونا کے کسی دوسرے کھلاڑی کی شرٹ پہننے میں انہیں زیادہ آسانی محسوس ہوگی۔ البتہ انہوں نے گول کیپر خوان گارسیا کا نام لیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ان کی شرٹ پہنیں گے تو گھر میں اپنے بیٹے کی ناراضی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس بیان کے بعد وزیرِاعظم پیدرو سانچیز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنا ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ لامین یامل کی قومی ٹیم کی شرٹ پہنے ہوئے نظر آئے۔
سانچیز نے پیغام میں لکھا’’میں اسپین کی قومی فٹبال ٹیم کے کسی بھی مرد یا خاتون کھلاڑی کی شرٹ پہن سکتا ہوں، کیونکہ یہی اسپین ہے، ایک ایسا ملک جو مختلف ثقافتوں اور تنوع کا حامل ہے۔‘‘
انہوں نے اپنے پیغام کے ساتھ اخبار مندو دیپورتیوو کو دیا گیا اپنا انٹرویو بھی شیئر کیا۔ یہ بیان اسپین میں فٹبال، قومی شناخت اور ثقافتی تنوع کے حوالے سے ایک نئی بحث کا موضوع بن گیا ہے۔
