میڈرڈ: انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل (Amnesty International) نے اسپین میں 29 نومبر کو ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں پاپولر پارٹی (PP) اور ووکس (Vox) کے انتخابی منشوروں میں انسانی حقوق سے متعلق کم از کم 57 ایسی تجاویز کی نشاندہی کی ہے جنہیں تنظیم نے انسانی حقوق کے حوالے سے ممکنہ پسپائی قرار دیا ہے۔
تنظیم کے مطابق ان جماعتوں کی امیگریشن، رہائش، خواتین کے حقوق اور ایل جی بی ٹی آئی کیو پلس کمیونٹی سے متعلق متعدد تجاویز بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے طے شدہ معیار کے منافی ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے منگل کو جاری کردہ اپنی رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ ان میں سے بعض تجاویز اسپین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا حقیقی خطرہ پیدا کر سکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پی پی اور ووکس دونوں موجودہ ہاؤسنگ قانون ختم کرنے کا وعدہ کر رہی ہیں، جس کے نتیجے میں کرایوں کے لیے مقررہ قیمتوں کی حدود اور مہنگے کرایوں والے علاقوں سے متعلق ضابطے ختم ہو سکتے ہیں۔ ایمنسٹی کے مطابق یہ سستے کرایوں کو یقینی بنانے کے اہم ذرائع ہیں۔
ووکس نے سرکاری رہائش اور کرایوں میں مالی امداد کے حصول میں مقامی شہریوں کو ترجیح دینے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس کے علاوہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو مکان کرائے پر دینے اور قانونی رہائش کے بغیر کرایہ نامہ بنانے پر پابندی کی بات بھی کی ہے۔
امیگریشن اور سرحدی پالیسیاں
تنظیم کے مطابق پی پی غیر قانونی طور پر آنے والے تارکین وطن کی فوری واپسی، مراکش کے ساتھ دوبارہ حوالگی اور سرحدی نگرانی سخت کرنے کی حمایت کرتی ہے۔ جبکہ ووکس غیر قانونی طور پر مقیم افراد، نابالغ بچوں اور پناہ کے طلب گاروں کی فوری ملک بدری کی تجویز پیش کرتی ہے۔
ایمنسٹی نے پی پی اور ووکس کی جانب سے عوامی مقامات پر برقع اور نقاب پر پابندی کی تجاویز کو ممکنہ طور پر امتیازی قرار دیا ہے۔ ووکس اسقاط حمل کے حق پر پابندیاں لگانے کی حمایت کرتی ہے اور صنفی تشدد کے وجود پر بھی سوال اٹھاتی ہے۔
رپورٹ میں پی پی کی جانب سے ٹرانس جینڈر قانون میں تبدیلی اور جنس کی قانونی خود شناخت ختم کرنے کی تجاویز پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔
تنظیم نے پی ایس او ای کی جانب سے پولیس کے طاقت کے متناسب استعمال اور آزادیٔ اظہار کے تحفظ سے متعلق تجاویز میں وضاحت کی کمی کی نشاندہی کی ہے۔
غزہ کے معاملے پر رپورٹ کے مطابق پی پی شہری آبادی کے تحفظ کی حمایت کرتی ہے، تاہم اپنے منشور میں نسل کشی کی اصطلاح استعمال نہیں کرتی اور اسرائیل کو اسپین کا اہم شراکت دار قرار دیتی ہے۔ جبکہ ووکس کے منشور میں فلسطین سے متعلق اقدامات شامل نہیں ہیں۔
