بارسلونا: اسپین کے خودمختار علاقے کاتالونیا کی تقریباً ہر دس میں سے تین بلدیات میں گزشتہ سال آبادی میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ اس رجحان سے سب سے زیادہ متاثر چھوٹے دیہی قصبے ہوئے ہیں۔ اسپین کے قومی ادارہ شماریات (INE) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق بڑے شہروں کے مقابلے میں چھوٹے دیہات سے آبادی کے انخلا کا رجحان زیادہ نمایاں ہے۔
رپورٹ کے مطابق یکم جنوری 2025 سے یکم جنوری 2026 کے درمیان کاتالونیا کی مجموعی 947 بلدیات میں سے 274 کی آبادی کم ہوئی۔ ان میں 202 بلدیات ایسی تھیں جہاں رہائشیوں کی تعداد ایک ہزار سے بھی کم ہے۔
برگیدا (Berguedà) کے علاقے میں واقع سانت ژاؤمے دے فرونتانیہ (Sant Jaume de Frontanyà) بدستور کاتالونیا کی سب سے چھوٹی بلدیہ ہے، جہاں صرف 24 افراد رجسٹرڈ ہیں۔ آبادی میں کمی کا سامنا کرنے والی صرف 12 بلدیات ایسی تھیں جن کی آبادی 10 ہزار سے زیادہ تھی۔
رپورٹ کے مطابق زیادہ تر متاثرہ قصبے کاتالونیا کے اندرونی اور دیہی علاقوں میں واقع ہیں، تاہم ساحلی علاقوں میں بھی بعض مقامات پر آبادی کم ہوئی۔ ریپول (Ripoll) واحد ضلعی صدر مقام تھا جہاں آبادی میں 0.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح پریورات (Priorat) واحد ضلع تھا جس کی مجموعی آبادی 0.3 فیصد کم ہوکر 9,391 رہ گئی۔
کون سے شہر تیزی سے ترقی کر رہے ہیں؟
دوسری جانب کونیت (Cunit) میں 3.8 فیصد اضافے کے ساتھ آبادی 16,304 سے بڑھ کر تقریباً 17 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔ سالو (Salou) میں 3.5 فیصد اضافے کے بعد آبادی 32,112 ہوگئی، جبکہ امپوستا (Amposta) میں 2.9 فیصد اضافے کے ساتھ آبادی 23,719 ریکارڈ کی گئی۔
بائکس پینیدیس (Baix Penedès) کاتالونیا کا سب سے تیزی سے بڑھنے والا ضلع رہا، جہاں آبادی 2.6 فیصد اضافے کے ساتھ 123,859 ہوگئی۔
تعداد کے لحاظ سے لااوسپیتالیت دے یوبریگات (L’Hospitalet de Llobregat) میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا، جہاں 8 ہزار سے زائد نئے رہائشیوں کے اضافے کے بعد آبادی پہلی مرتبہ 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ بارسلونا کی آبادی میں بھی تقریباً 4 ہزار افراد کا اضافہ ہوا، تاہم شرح نمو صرف 0.2 فیصد رہی۔
آبادی اور غیر ملکی باشندوں کی شرح
کاتالونیا کی نصف سے زیادہ آبادی صرف 19 بلدیات میں رہتی ہے، جن میں زیادہ تر بارسلونا کے میٹروپولیٹن علاقے میں شامل ہیں۔
غیر ملکی باشندوں کی شرح کے لحاظ سے گیسونا (Guissona) سرفہرست رہا، جہاں 50.9 فیصد آبادی غیر ملکی شہریوں پر مشتمل ہے۔ اس کے بعد کاسٹیو دے ایمپوریئس 44.8 فیصد، لا پورتیا 42.3 فیصد اور سانت پیری پسکادور 41.7 فیصد کے ساتھ نمایاں رہے۔ یروت دے مار، سالت اور سالو میں بھی ایک تہائی سے زیادہ آبادی غیر ملکی شہریوں کی ہے۔
