بارسلونا: اسپین کے شہر بارسلونا کے مشہور سیاحتی مقام لا رمبلا (La Rambla) پر معروف مصور خوان میرو (Joan Miró) کے تاریخی موزیک کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ کام اس فن پارے کی تنصیب کے 50 سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا جا رہا ہے۔ موزیک دسمبر 1976 میں نصب کیا گیا تھا اور اب نصف صدی بعد پہلی مرتبہ اس کی بڑے پیمانے پر مرمت اور بحالی کی جا رہی ہے۔
بحالی کا یہ منصوبہ جنوری 2027 کے آخر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ یہ کام لا رمبلا کی جامع تزئین و آرائش کے منصوبے کا حصہ ہے، جس کا افتتاح بارسلونا کی میونسپل حکومت آئندہ سال فروری کے وسط میں سانتا یولالیا (Santa Eulàlia) کے تہوار کے موقع پر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
بارسلونا کے میئر ژاؤمے کولبونی (Jaume Collboni) نے منگل کے روز لا رمبلا کا دورہ کیا اور موزیک کی بحالی کے کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خوان میرو کی جانب سے عطیہ کیا گیا یہ فن پارہ 50 سال قبل نصب کیا گیا تھا، لیکن اس دوران اس نوعیت کی جامع بحالی نہیں کی گئی جو اس وقت جاری ہے۔
یہ تاریخی موزیک خوان میرو نے معروف ماہرینِ سرامکس لورینس آرتیگاس اور ژاؤمے گاردی آرتیگاس کے تعاون سے تیار کیا تھا۔ یہ تقریباً 6 ہزار سفید اور سیاہ رنگ کی چھوٹی ٹائلوں پر مشتمل ہے، جو آج بھی اپنی اصل حالت میں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ نیلے، سرخ اور پیلے رنگ کی ٹائلیں بھی شامل ہیں، جن میں سے زیادہ تر وقت کے ساتھ تبدیل کی جا چکی ہیں۔
سیاحوں کے استقبال کے لیے تخلیق کیا گیا تھا
اس فن پارے کا بنیادی مقصد بارسلونا آنے والے سیاحوں کا استقبال کرنا تھا، خصوصاً ان افراد کا جو سمندری راستے سے شہر پہنچتے تھے۔ یہ خوان میرو کے تین اہم فن پاروں کی ایک کڑی ہے۔ ان میں مجسمہ Dona i Ocell زمینی راستے سے آنے والوں کے لیے جبکہ ہوائی اڈے پر نصب دیواری فن پارہ فضائی راستے سے پہنچنے والوں کے لیے تخلیق کیا گیا تھا۔
میئر کولبونی کے مطابق لا رمبلا کی تزئین و آرائش میں ان فن پاروں کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کو برقرار رکھا جا رہا ہے، کیونکہ یہی فن پارے بارسلونا کی شناخت اور شہریوں کے اپنے شہر کے مشہور تفریحی مقام سے خصوصی تعلق کو نمایاں کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد شہر کے مرکزی حصے کو دوبارہ زندہ کرنا اور لا رمبلا کی تاریخی، ثقافتی اور فنکارانہ اہمیت کو بحال کرنا ہے۔
