دیوارِبرلن بارسلونا پہنچ گئی: 200 نایاب اشیاء پر مبنی دل چسپ نمائش

بارسلونا (دوست مانیٹرنگ ڈیسک)برلن کی دیوار کے تاریخی ٹکڑے اور نایاب دستاویزات اب بارسلونا میں نمائش کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں۔ اسپایسیو اِنمرسا (Espacio Inmersa) نے اعلان کیا ہے کہ ’’El Mur de Berlín. Un món dividit‘‘ کے عنوان سے یہ تجرباتی نمائش 7 نومبر 2025 سے شروع ہو کر 15 مارچ 2026 تک جاری رہے گی۔
اس منفرد نمائش میں 200 سے زائد اصل اشیاء شامل ہوں گی جو پیرس سے بارسلونا لائی جا رہی ہیں۔ نمائش میں دیوارِ برلن کے چھے اصل بلاکس بھی شامل ہیں جن کی اونچائی 3.6 میٹر اور وزن ڈھائی سے تین ٹن تک ہے۔ ان میں سے کچھ بلاکس پر مغربی برلن کی طرف سے بنائے گئے گرافٹی اب بھی موجود ہیں، جبکہ مشرقی سمت والے بلاکس صاف اور بے داغ ہیں۔

پروایکٹیو کمپنی کی ڈائریکٹر برائے ابلاغ، پاؤلا ویتوریس نے بتایا’’صاف حصہ دیوار کے مشرقی حصے میں تھا، جہاں لوگ قید اور جبر کے نظام میں محصور تھے،‘‘
دیوار کے بلاکس کے علاوہ نمائش میں ایسی اشیاء بھی شامل ہیں جو اس دور کے سماجی اور انسانی پہلوؤں کو اجاگر کرتی ہیں۔
ان میں جدا ہونے والے خاندانوں کے خطوط، بچوں کے کھلونے اور شناختی تمغے شامل ہیں جو اس زمانے میں لوگ کسی حادثے یا قدرتی آفت کی صورت میں پہنتے تھے۔ یہ رجحان خاص طور پر ہیروشیما اور ناگاساکی کے بعد خوف کے ماحول میں عام تھا۔
نمائش کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جو سرد جنگ کی تاریخی ترتیب کے مطابق ترتیب دیے گئے ہیں۔
پہلا حصہ جنگ کے آغاز کا پس منظر بیان کرتا ہے، دوسرا برلن شہر کو دونوں نظریاتی بلاکوں کے درمیان تقسیم کے طور پر دکھاتا ہے۔
تیسرا حصہ انسانی کہانیوں اور جذباتی پہلوؤں پر مرکوز ہے، جبکہ آخری حصہ عوامی بیداری، دیوار کے انہدام اور آمرانہ نظام کے خاتمے کو پیش کرتا ہے۔
نمائش کے منتظمین کے مطابق اس منصوبے کا مقصد تاریخی یادداشت کو زندہ رکھنا ہے۔
پاؤلا ویتوریس کے بقول، ’’جب ہم تاریخ کو بھول جاتے ہیں تو وہ اپنے آپ کو دہراتی ہے۔‘‘
جبکہ میوزالیا کمپنی کے ڈائریکٹر لوئیس فریرو نے کہا، ’’یہ نمائش ہمیں ماضی کی جدوجہد پر غور کرنے اور موجودہ چیلنجز کے سامنے اپنی ذمہ داری سمجھنے کی دعوت دیتی ہے۔‘‘
یہ نمائش بارسلونا میں تاریخ، فن اور تجربے کا امتزاج پیش کرے گی، جہاں زائرین ماضی کے اس اہم باب کو قریب سے محسوس کر سکیں گے۔