اسپین میں 29 نومبر کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل مختلف اداروں کے تازہ ترین انتخابی سروے سامنے آگئے ہیں، جن میں حکمران جماعت سوشلسٹ پارٹی (PSOE) اور اپوزیشن جماعت پاپولر پارٹی (PP) کے درمیان ووٹوں کی شرح میں فرق دکھایا گیا ہے۔ زیادہ تر نجی سروے میں البرتو نونیز فیخو کی قیادت میں پاپولر پارٹی کو پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے، جبکہ سرکاری ادارے سی آئی ایس (CIS) کے سروے میں پیدرو سانچیز کی جماعت پی ایس او ای کو برتری حاصل ہے۔
20 منتوس کے لیے انسٹی ٹیوٹ ڈی وائی ایم کے سروے کے مطابق پاپولر پارٹی کو 33 فیصد ووٹ اور 132 سے 139 نشستیں ملنے کا تخمینہ ہے۔ جبکہ پی ایس او ای کو 28 فیصد ووٹ اور 107 سے 114 نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سروے کے مطابق سانتیاگو اباسکل کی جماعت ووکس (Vox) کو 18 فیصد ووٹ اور 58 سے 64 نشستیں مل سکتی ہیں۔ دوسری جانب فرنتے امپلیو کو 6.9 فیصد ووٹ اور 8 سے 13 نشستیں ملنے کا تخمینہ ہے، جبکہ پودیموس صرف 1.3 فیصد ووٹ حاصل کرکے پارلیمنٹ سے باہر رہ سکتی ہے۔
سی آئی ایس کے نومبر کے سروے میں صورتحال مختلف ہے۔ اس کے مطابق پی ایس او ای 34.4 فیصد ووٹوں کے ساتھ پہلے، جبکہ پی پی 24.7 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ووکس کو 15.6 فیصد اور فرنتے امپلیو کو 5.7 فیصد ووٹ ملنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ یہ سروے 8,034 افراد کے انٹرویوز پر مبنی ہے۔
دیگر نجی سروے بھی پی پی کو آگے دکھا رہے ہیں۔ GAD3 کے مطابق پی پی کو 31.1، پی ایس او ای کو 28.4 اور ووکس کو 18.1 فیصد ووٹ مل سکتے ہیں۔
سوشیومیٹرکا کے مطابق پی پی کو 32، پی ایس او ای کو 29 اور ووکس کو 18 فیصد ووٹ ملنے کا امکان ہے۔ اس سروے میں پی پی اور ووکس کی ممکنہ مشترکہ نشستیں 196 بتائی گئی ہیں۔
اسی طرح سگما دوس کے سروے میں پی پی 31.9 اور پی ایس او ای 28.6 فیصد، جبکہ 40dB کے سروے میں پی پی 31.8 اور پی ایس او ای 30.9 فیصد ووٹ حاصل کر سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ تمام اعداد و شمار انتخابی اندازے ہیں، حتمی نتائج نہیں۔ ووٹنگ 29 نومبر کو ہوگی، جس میں 3 کروڑ 87 لاکھ سے زائد ووٹرز حصہ لینے کے اہل ہیں۔
