اسپین میں 29 نومبر کو قبل از وقت عام انتخابات ہوں گے، جن کے نتیجے میں 1975 میں فرانکو آمریت کے خاتمے کے بعد پہلی مرتبہ انتہائی دائیں بازو کی جماعت قومی حکومت میں شامل ہو سکتی ہے۔
اسپین کے وزیراعظم پیدرو سانچیز نے پارلیمنٹ کی جانب سے حکومتی ہاؤسنگ ریلیف اقدامات مسترد کیے جانے اور ملک بھر میں کرایوں اور مکانات کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف احتجاج کے بعد قبل از وقت انتخابات کا اعلان کیا تھا۔
سروے کے مطابق مرکزِ دائیں بازو کی جماعت پاپولر پارٹی (PP) سب سے زیادہ نشستیں حاصل کر سکتی ہے، تاہم حکومت بنانے کے لیے اسے انتہائی دائیں بازو کی جماعت ووکس (Vox) کی حمایت درکار ہوگی۔ 350 رکنی کانگریس میں اکثریت کے لیے 176 نشستیں ضروری ہیں۔
اسپین میں پولنگ 29 نومبر کو صبح 9 بجے شروع اور رات 8 بجے ختم ہوگی۔ تقریباً 3 کروڑ 87 لاکھ شہری ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔
اسپین ایک پارلیمانی بادشاہت ہے، جہاں بادشاہ فیلیپ ششم سربراہِ مملکت جبکہ وزیراعظم حکومت کا سربراہ ہوتا ہے۔ پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں کانگریس کے 350 ارکان 52 انتخابی حلقوں سے متناسب نمائندگی کے نظام کے تحت منتخب ہوتے ہیں۔ ووٹر امیدوار کے بجائے سیاسی جماعت کو ووٹ دیتے ہیں۔ سینیٹ کے 209 ارکان کا بھی انتخاب ہوگا۔
اہم سیاسی جماعتیں
- سوشلسٹ پارٹی (PSOE): وزیراعظم پیدرو سانچیز کی جماعت، جو دوبارہ حکومت بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
- پاپولر پارٹی (PP): البرتو نونیز فیخو کی قیادت میں مرکزِ دائیں بازو کی جماعت۔
- ووکس (Vox): سانتیاگو اباسکل کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت، جو سخت امیگریشن پالیسی کی حامی ہے۔
- فرینتے امپلیو: سابق میئر بارسلونا ادا کولاؤ کی قیادت میں نئی بائیں بازو کی سیاسی اتحادی جماعت۔
انتخابات کے اہم مسائل
- رہائش: اسپین میں تقریباً ساڑھے سات لاکھ گھروں کی کمی ہے اور کرایوں میں اضافے نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔
- امیگریشن: غیر قانونی تارکین وطن کی قانونی حیثیت، سرحدی کنٹرول اور ملک بدری انتخابی مہم کے اہم موضوعات ہیں۔
- کرپشن: وزیراعظم سانچیز کے قریبی حلقوں، خاندان اور سابق حکومتی عہدیداروں سے متعلق تحقیقات اپوزیشن کا بڑا انتخابی ہتھیار ہیں۔
- صحت کا نظام: اسپتالوں میں طویل انتظار اور ڈاکٹروں کی ہڑتالیں عوامی تشویش کا باعث ہیں۔
- معیشت: اسپین کی معیشت یورو زون کے مقابلے میں تیزی سے ترقی کر رہی ہے، تاہم مہنگائی اور رہائشی اخراجات نے عام شہریوں کو اس ترقی کے ثمرات سے محروم رکھا ہے۔
یہ انتخابات اسپین کے سیاسی مستقبل کے لیے انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں، کیونکہ ان کے نتائج نہ صرف موجودہ حکومت بلکہ ملک کی امیگریشن، معیشت، رہائش اور مستقبل کی سیاسی سمت کا بھی تعین کریں گے۔
