کاتالونیا میں تمام گھڑ سواری مقابلے معطل کردئیے گئے،2نومبر 2025 کو ہونے والے نیزا بازی میلہ کو بھی موخر کردیا گیا

بارسلونا(دوست نیوز)کاتالونیا میں مویشیوں کی نسل میں “ڈی این سی” (Dermatosi Nodular Contagiosa) نامی متعدی بیماری کا نیا کیس رپورٹ ہوا ہے۔ یہ بیماری صرف گائے اور بیلوں کو متاثر کرتی ہے، گھوڑوں یا دیگر اقسام پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔

تاہم، ماہرین کے مطابق یہ ایک وائرس سے پھیلنے والی بیماری ہے جو کیڑوں مکوڑوں اور آلودہ اشیاء (جیسے گاڑیاں یا اوزار) کے ذریعے تیزی سے پھیل سکتی ہے۔ اس خطرے کے پیش نظر حکام نے جانوروں کی نقل و حرکت اور ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی کے دوران انفیکشن کے پھیلاؤ کے امکانات کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے ہیں۔

اسی وجہ سے کاتالونیا میں تمام گھڑ سواری اور گھوڑوں سے متعلق مقابلے، نمائشیں اور تقریبات کو عارضی طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ جنرالیتات دے کاتالونیا (Generalitat de Catalunya) کے زیرِ انتظام محکمہ زراعت، مویشی پروری، ماہی گیری اور خوراک نے کیا ہے، ڈیکری 83/2012 کے تحت، جو زندہ جانوروں کی موجودگی والے میلوں اور مقابلوں کی ضابطہ کاری سے متعلق ہے۔

حکام نے اس فیصلے کو ایک غیر معمولی صحت عامہ کی صورتحال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام عارضی ہے اور صورتحال بہتر ہونے تک تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

وفاقی گھڑ سواروں اور منتظمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری تازہ ترین اعلانات کا انتظار کریں۔ حکام نے یقین دلایا ہے کہ تمام اپ ڈیٹس سرکاری ذرائع سے فراہم کی جائیں گی۔

پاک بارسا ہارس رائیڈنگ کلب کے صدر چوہدری عزیز امرہ نے دوست نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک بارسا ہارس رائیڈنگ کلب کے زیر اہتمام 2نومبر 2025 کو ہونے والے نیزا بازی میلے کو بھی کاتالان حکومتی حکم کے بعد روک دیا گیا۔نئی تاریخ کا اعلان دوبارہ کیا جائے گا،