تمباکو فروش اب ڈاک کے نیٹ ورک کا حصہ بن سکیں گے، پارسل وصول اور روانہ کرنے کی سہولت میسر ہوگی
میڈرڈ (دوست مانیٹرنگ ڈیسک)ڈاک ،ایکسپریس اور یونین آف اسٹنکروس آف اسپین (Unión de Estanqueros de España) کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت تمام رجسٹرڈ تمباکو فروش (استنکوز) اگر چاہیں تو “پونتو کورئوس” (Punto Correos) کے نیٹ ورک میں شامل ہو سکتے ہیں۔ اس شراکت داری کا مقصد ملک بھر میں کورئوس گروپ کے سہولت مراکز کی تعداد بڑھانا ہے۔
اس معاہدے کے بعد اسپین میں موجود 13 ہزار سے زائد تمباکو فروش اب اپنے گاہکوں کو پارسل کی ترسیل، وصولی اور واپسی (ریورس لاجسٹکس) جیسی سہولیات فراہم کر سکیں گے۔ ان خدمات کو کورئوس گروپ کی سرپرستی حاصل ہوگی، جبکہ یونین آف اسٹنکروس اس پورے عمل کی نگرانی اور رکنیت کا انتظام سنبھالے گی۔
کورئوس ایکسپریس کے مطابق اس وقت ان کی نیٹ ورک میں 10 ہزار سے زیادہ فعال پوائنٹس شامل ہیں۔ “پونتو کورئوس” پروگرام کا مقصد شہریوں کے قریب ترسیلی خدمات پہنچانا، ماحولیاتی اثرات کو کم کرنا اور مقامی کاروبار کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
یونین آف اسٹنکروس کے مطابق، نیٹ ورک میں شامل ہونے والے تمباکو فروشوں کو اضافی آمدنی، کاروباری نمایاں حیثیت، اور مقامی سطح پر بہتر شناخت حاصل ہوگی۔ انہیں تربیت، تکنیکی مدد اور مسلسل معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔
کورئوس ایکسپریس کے ڈائریکٹر جنرل، انتونیو مانوئل بورخس واز نے کہا کہ “یہ معاہدہ ہمیں اسپین میں اپنی موجودگی کو پائیدار اور مسابقتی انداز میں مضبوط کرنے کا موقع دیتا ہے۔ ہم ایسی سہولیات فراہم کر رہے ہیں جو شہریوں کے طرزِ زندگی سے مطابقت رکھتی ہیں۔”
یونین آف اسٹنکروس کے صدر میگوئل آنخیل مارتینیز کوادرادو نے اسے اپنے ادارے کے لیے “تبدیلی کی سمت ایک اہم قدم” قرار دیا اور کہا کہ “یہ معاہدہ نہ صرف عوام کے لیے ایک نئی خدمت ہے بلکہ تمباکو فروشوں کے لیے اضافی آمدنی کا ذریعہ بھی بنے گا۔”