ہسپانوی وزیراعظم پیدرو سانچز نے یورپی یونین کے لیے یکساں کم از کم اجرت کی تجویز پیش کردی
 
                ایمسٹرڈیم میں ہفتہ 18 اکتوبر کو منعقدہ یورپی سوشلسٹ کانگریس کے دوران، اسپین کے وزیراعظم پیدرو سانچیز نے ایک نئی تجویز پیش کی کہ یورپی یونین کے تمام رکن ممالک کے لیے ایک مشترکہ کم از کم اجرت مقرر کی جائے۔
یورو اسٹیٹ کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، رکن ممالک کے درمیان کم از کم اجرت میں نمایاں فرق موجود ہے۔ بلغاریہ میں یہ تقریباً 551 یورو ماہانہ ہے، جبکہ لگژمبرگ میں 2,704 یورو ماہانہ تک پہنچتی ہے۔ اسپین میں 11 فروری 2025 سے کم از کم اجرت 16,576 یورو سالانہ مقرر ہے، جو 14 قسطوں میں 1,184 یورو ماہانہ بنتی ہے۔
یورپی یونین کے 27 میں سے 22 ممالک میں کم از کم اجرت کا نظام موجود ہے، جبکہ آسٹریا، ڈنمارک، فن لینڈ، اٹلی اور سویڈن اس فہرست سے مستثنیٰ ہیں۔
یورپی رپورٹ کے مطابق رکن ممالک کو تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے:
- 1,500 یورو سے زائد ماہانہ اجرت والے ممالک: لگژمبرگ، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، جرمنی، بیلجیم اور فرانس
- 1,000 سے 1,500 یورو کے درمیان: اسپین، سلووینیا، پولینڈ، لیتھوانیا، یونان، پرتگال اور قبرص
- 1,000 یورو سے کم: کروشیا، مالٹا، ایسٹونیا، چیکیا، سلوواکیہ، رومانیہ، لٹویا، ہنگری اور بلغاریہ
اعداد و شمار کے مطابق، پچھلی دہائی میں یورپی ممالک، خصوصاً مشرقی یورپ میں، اجرتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ تاہم، جنوبی یورپ کے ممالک میں یہ اضافہ نسبتاً سست رہا۔
یورپی ادارے نے قوتِ خرید کو EPA پوائنٹس میں ناپا ہے، جن کی بنیاد پر تین درجہ بندیاں کی گئی ہیں:
- 1,500 سے زائد EPA: لگژمبرگ، جرمنی، نیدرلینڈز، بیلجیم، آئرلینڈ، فرانس، اسپین اور پولینڈ
- 1,000 سے 1,500 EPA: سلووینیا، رومانیہ، کروشیا، لیتھوانیا، یونان، پرتگال، قبرص، مالٹا اور ہنگری
- 1,000 سے کم EPA: سلوواکیہ، چیکیا، بلغاریہ، لٹویا اور ایسٹونیا
قوتِ خرید کے لحاظ سے اسپین کا درجہ نسبتاً بہتر ہے، تاہم مشرقی یورپ کے کئی ممالک اب بھی یورپی اوسط سے نیچے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ پیدرو سانچیز کی تجویز نئی اور دلکش ہے، لیکن موجودہ معاشی، قانونی اور سماجی فرق کے باعث ایک یکساں یورپی کم از کم اجرت فی الحال ممکن نہیں۔ یہ ہدف صرف طویل المدتی منصوبہ کے طور پر ہی قابلِ غور ہو سکتا ہے۔
 
                       
                       
                       
                      