پی ٹی آئی نے جے یو آئی سے عمر ایوب کیلئے حمایت مانگ لی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفد نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ پی ٹی آئی نے وزیراعظم کیلئے اپنے پارٹی امیدوار عمر ایوب کےلیے جے یو آئی سے حمایت مانگی۔

پی ٹی آئی کی پولیٹیکل کمیٹی کے سربراہ اسد قیصر کی سربراہی میں پی ٹی آئی کا وفد اسلام آباد میں سربراہ جے یو آئی (ف) کی رہائشگاہ پہنچا۔ 

جے یو آئی رہنماؤں حافظ حمداللّٰہ اور ضیاء الرحمان نے پی ٹی آئی وفد کا استقبال کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے وفد کا خیرمقدم کیا۔

تحریک انصاف کے وفد میں اسد قیصر کے علاوہ عامر ڈوگر، عمیر نیازی اور بیرسٹر سیف بھی شامل تھے۔ 

ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات کے دوران پی ٹی آئی وفد اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان حالیہ انتخابات اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ 

اس ملاقات میں حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی سمیت تحفظات پر بھی گفتگو ہوئی۔ پی ٹی آئی وفد نے بانی چیئرمین عمران خان کا پیغام مولانا فضل الرحمان تک پہنچایا۔

پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمان کو انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور اپوزیشن میں ساتھ چلنے کی دعوت دی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت سازی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی ٹی آئی نے عمر ایوب کی بطور وزیراعظم امیدوار کےلیے بھی جے یو آئی سے حمایت مانگ لی۔

مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ آمد کے موقع پر جیو نیوز سے بات چیت میں پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے گھر وزیراعظم کا ووٹ لینے آئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے