بارسلونا ایئرپورٹ شٹل ٹرینوں کی آزمائشی سروس کا آغاز

IMG_2821

بارسلونا(دوست نیوز)بارسلونا شہر اور ایئرپورٹ کے درمیان چلنے والی نئی شٹل ٹرینوں میں سے پہلی ٹرین نے جمعہ کے روز آزمائشی مراحل کا آغاز کردیا۔

یہ ٹرینیں 2026 کے آخر یا 2027 کے آغاز تک نئی آر-ایئرپورٹ (R-Airport) لائن پر باقاعدہ سروس شروع کریں گی۔ یہ لائن ہر 15 منٹ بعد سانت آندریو (Sant Andreu) سے ایئرپورٹ کے ٹرمینل 1 اور 2 تک چلے گی۔

منزلوں میں لا ساگریرا (La Sagrera)، ایل کلوت (El Clot)، پاسیج دے گراسیا (Passeig de Gràcia)، سانتس (Sants) اور بیلوویتجے (Bellvitge) شامل ہوں گے۔

یہ ٹرینیں فی الحال سانتا پرپیتوا دے موگودا (Santa Perpètua de Mogoda) میں قائم الستوم (Alstom) فیکٹری میں حتمی ٹیسٹ سے گزر رہی ہیں۔

جمعہ کو کاتالونیا کے صدر سالوادور اییا (Salvador Illa) نے فیکٹری کا دورہ کیا اور ٹیسٹوں کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئی لائن ایئرپورٹ تک رسائی کو “تیز، آسان اور قابلِ اعتماد” بنائے گی، جو کاتالونیا میں جاری “ریلوے نظام کی تبدیلی” کا حصہ ہے۔

الستوم اسپین و پرتگال کے صدر لیوپولدو ماایستو (Leopoldo Maestu) کے مطابق یہ ٹرینیں بارسلونا کے ریلوے معیار کو لندن اور ایمسٹرڈیم جیسے بڑے شہروں کے برابر لے آئیں گی۔

نئی ٹرینوں کا ڈیزائن خصوصی طور پر ایئرپورٹ سروس کے لیے تیار کیا گیا ہے، جن میں کشادہ راہداری، سامان رکھنے کی جگہ، موبائل چارجنگ پوائنٹس اور وائی فائی کی سہولت موجود ہے۔

ہر ٹرین میں 656 مسافروں کی گنجائش ہوگی، جن میں 202 نشستیں شامل ہیں، جب کہ زیادہ سے زیادہ رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔

یہ منصوبہ FGC (حکومتِ کاتالونیا کا ریلوے ادارہ) کی زیرِ نگرانی جاری ہے، جس پر 17 کروڑ 70 لاکھ یورو کی لاگت آئے گی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے