اسپین،جنسی امراض میں اضافہ: کلیمائڈیا کے کیسز میں 10 فیصد اور سوزاک میں 7 فیصد اضافہ

IMG_2814

اسپین میں جنسی طور پر منتقل ہونے والی بیماریوں (ایس ٹی آئیز) میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تازہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، سال 2024 میں 41,918 کیسز کلیمائڈیا کے رپورٹ ہوئے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہیں۔ اسی طرح، سوزاک (گونوریا) کے 37,257 کیسز سامنے آئے، جن میں 7.2 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سیفلس کے 11,930 اور لنفوگرانولوما وینیریم (ایل جی وی) کے 1,996 کیسز رپورٹ ہوئے۔

یہ اعداد و شمار انستی تیوتو دی سالود کارلوس تیسرو کی تازہ رپورٹ “جنسی طور پر منتقل ہونے والی بیماریوں کی وبائی نگرانی” میں پیش کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان امراض میں مردوں کا غلبہ برقرار ہے۔ گونوریا کے 82.6 فیصد، سیفلس کے 86.7 فیصد، ایل جی وی کے 97.6 فیصد اور کلیمائڈیا کے 53.8 فیصد مریض مرد ہیں۔

عمر کے لحاظ سے سب سے زیادہ متاثرہ گروہ 25 سے 34 سال کے افراد ہیں، تاہم 25 سال سے کم عمر نوجوانوں میں بھی کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ یہ گروہ کلیمائڈیا کے 35.7 فیصد اور گونوریا کے 22.8 فیصد مریضوں پر مشتمل ہے۔

تیزی سے پھیلتی بیماری: سوزاک

رپورٹ کے مطابق، گونوریا سب سے تیزی سے بڑھنے والی بیماری ہے، جس میں 2021 سے اب تک ہر سال اوسطاً 28.9 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اب اس کی شرح ہر 100,000 آبادی میں 76.6 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔ مرد مریض زیادہ ہیں، خاص طور پر 25 تا 34 سال کے درمیان۔

علاقائی سطح پر کاتالونیا (161.27)، میڈرڈ (125.26)، پائیز باسکو (75.95) اور کینریاس (65.26) میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ آستوریاس، میلیا اور آراغون میں شرح سب سے کم رہی۔

سیفلس میں 20 فیصد سالانہ اضافہ

گزشتہ سال سیفلس کے 11,930 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ یعنی ہر 100,000 میں 24.5 کیسز۔ متاثرین میں 86 فیصد مرد تھے، جن کی اوسط عمر 34 سال بتائی گئی۔

زیادہ متاثرہ علاقے کینریاس، کاتالونیا، بیلئیرس اور میڈرڈ ہیں، جبکہ آستوریاس اور لا ریوخا میں کیسز سب سے کم رہے۔

تشویشناک بات یہ ہے کہ دو سال سے کم عمر بچوں میں سیفلس کے 10 نئے پیدائشی کیسز بھی ریکارڈ کیے گئے۔

کلیمائڈیا: خواتین میں نمایاں اضافہ

کلیمائڈیا کے 41,918 کیسز سامنے آئے ، 2015 میں ریکارڈنگ کے آغاز کے بعد سے سب سے زیادہ۔ ان میں سے 46 فیصد خواتین تھیں۔

عمر کے لحاظ سے سب سے زیادہ کیسز 20 تا 34 سال کے درمیان ہیں۔ سب سے زیادہ شرح کاتالونیا، پائیز باسکو، ناوارا اور میڈرڈ میں دیکھی گئی۔

ایل جی وی: تقریباً تمام مریض مرد

لنفوگرانولوما وینیریم (ایل جی وی) کے 1,996 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 97.6 فیصد مرد شامل تھے۔ زیادہ تر کیسز 25 تا 44 سال کے درمیان عمر کے افراد میں پائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق، اسپین میں جنسی بیماریوں کا پھیلاؤ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں مسلسل بڑھ رہا ہے، خاص طور پر نوجوان طبقے اور شہری علاقوں میں، جہاں ماہرین نے زیادہ آگاہی اور بروقت تشخیص کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے