20 سالہ فٹبالر اینٹونی یلانو موٹر سائیکل حادثے میں ہلاک
ریو ڈی جنیرو (دوست مانیٹرنگ ڈیسک)برازیل کی فٹبال دنیا اس وقت گہرے صدمے میں ہے، جب 20 سالہ نوجوان فٹبالر اینٹونی یلانو ایک المناک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق یلانو اپنے والد کی سالگرہ کی تقریب سے واپس آرہے تھے۔
پولیس کے مطابق، موٹر سائیکل پر سوار اینٹونی یلانو کی ایک گائے سے ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل بری طرح تباہ ہوگئی۔ جائے حادثہ کے قریب نصب سیکیورٹی کیمروں میں یہ منظر ریکارڈ بھی ہو گیا۔ امدادی عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا لیکن وہ نوجوان فٹبالر کو بچا نہ سکا۔ حادثے میں گائے بھی ہلاک ہوگئی۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حادثہ کس وجہ سے پیش آیا۔ حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا یلانو نے ہیلمٹ پہنا ہوا تھا یا نہیں اور کیا زیادہ رفتار حادثے کا سبب بنی۔
اینٹونی یلانو پیاؤئی اسپورٹے کلب کے نوجوان فارورڈ تھے اور 2024 سے ٹیم کا حصہ تھے۔ کلب نے ایک بیان میں گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا:“ہم انتہائی غم کے عالم میں ہیں۔ اینٹونی یلانو ایک باصلاحیت، خوش اخلاق اور مثالی نوجوان تھے، جنہوں نے میدان اور میدان سے باہر ہمیشہ شاندار کردار ادا کیا۔”
حادثے کے بعد ریاستی فٹبال فیڈریشن نے ہفتے کے تمام میچوں میں ایک منٹ کی خاموشی کا اعلان کیا۔ یلانو کے جنازے میں سینکڑوں شائقین، کھلاڑیوں اور ساتھیوں نے شرکت کی۔