انسانی اسمگلنگ اور جنسی استحصال میں ملوث بین الاقوامی گروہ گرفتار، آٹھ خواتین آزاد
Screenshot
گواردیا سیول اور موسوس دے اسکوادرا نے مشترکہ کارروائی “آپریشن اوریلیا-بیلونا” کے تحت انسانی اسمگلنگ اور جنسی استحصال میں ملوث ایک بین الاقوامی گروہ کو گرفتارکر کے آٹھ خواتین کو بازیاب کرا لیا ہے۔ یہ گروہ اسپین کی مختلف صوبوں اور پرتگال میں سرگرم تھا، اور متاثرہ خواتین کا تعلق جنوبی امریکا کے مختلف ممالک سے تھا۔
تحقیقات 2024 میں اس وقت شروع ہوئیں جب حکام نے ایک ایسے مجرمانہ نیٹ ورک کا سراغ لگایا جو جنوبی امریکا سے خواتین کو دھوکے سے یورپ لاتا اور انہیں جنسی استحصال کا نشانہ بناتا تھا۔ ایک متاثرہ خاتون کو لاطینی امریکا میں ایک نیم فوجی تنظیم نے بھرتی کیا، بعد ازاں اسے ایشیا کے مختلف ممالک اور آخرکار اسپین منتقل کیا گیا، جہاں اس کا استحصال مختلف صوبوں میں جاری رہا۔
کاتالونیا کی گواردیا سیول کی یونٹ آف پولیسیہ جوڈیسیل (UPJZ) اور موسوس دے اسکوادرا کے ایریا دی انویستیگاثیون کرمینال (AIC) نے مشترکہ طور پر اس گروہ کے ارکان کی شناخت، اس کی تنظیمی ساخت اور سربراہوں کا تعین کیا۔ مرکزی ملزمان، ایک ہسپانوی اور ایک کولمبیائی جوڑا، پرتگال میں مقیم تھا اور وہیں سے اسپین میں متاثرہ خواتین کے استحصال کا نیٹ ورک چلاتا تھا۔
آپریشن میں پرتگال کی پولیس جودیسیاریا کی مدد بھی شامل تھی، جس کی معاونت سے گروہ کے سرغنہ صوبہ فارو میں گرفتار کیے گئے۔ 7 اکتوبر کو کی جانے والی کارروائی کے دوران لییدا، تودیلا (نووارا)، ایروں (گیپوسکوا) اور فارو (پرتگال) میں چار مقامات پر چھاپے مارے گئے، جن میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدگان میں دو مرکزی ملزمان جوڑا پرتگال میں پکڑا گیا، جبکہ تیسرا شخص، جو متاثرہ خواتین کے نقل و حمل اور نگرانی کا ذمہ دار تھا، لییدا سے گرفتار کیا گیا۔
کارروائی کے دوران آٹھ خواتین کو بازیاب کرایا گیا، جنہیں ممکنہ انسانی اسمگلنگ اور جنسی استحصال کی متاثرین قرار دیا گیا ہے۔ انہیں فوری طور پر تحفظ، طبی مدد اور نفسیاتی معاونت فراہم کی گئی۔ تلاشی کے دوران حکام نے 3,800 یورو نقد، دستاویزات، الیکٹرانک آلات، گولیاں اور منشیات برآمد کیں۔
پرتگال میں گرفتاری کے وقت مرکزی ملزمان پر غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور منشیات کی اسمگلنگ کے اضافی الزامات بھی عائد کیے گئے۔
“آپریشن اوریلیا-بیلونا” میں گواردیا سیول کی طرف سے کاتالونیا کی یونٹ آف پولیسیہ جوڈیسیل، بارسلونا کی یونٹ آرگانیکا دی پولیسیہ جوڈیسیل (UOPJ)، نیز ناوارا اور گیپوسکوا کی یونٹیں شریک تھیں، جب کہ موسوس دے اسکوادرا کے انسانی اسمگلنگ مخالف گروہ اور پرتگال کی پولیس جودیسیاریا نے بھی بھرپور تعاون کیا۔
یہ کارروائی اسپین اور پرتگال میں مربوط انداز میں انجام دی گئی، جس کے نتیجے میں یورپی یونین سے باہر سے لائی گئی آٹھ خواتین کو آزادی ملی اور نیٹ ورک کے مرکزی ارکان کو گرفتار کر لیا گیا۔