کاتالونیا حکومت نے ہسپتال دُوس دے مائیگ اور کیپ ساگرادا فامیلیا ریڈ کراس سے خرید لیے
Screenshot
بارسلونا(دوست مانیٹرنگ ڈیسک) کاتالونیا کی وزارتِ صحت کے ادارے سروئی کاتالا دے لا سالوت (CatSalut)، ریڈ کراس (Creu Roja) اور کونسورسی سانیتاری انتیگرال (CSI) نے آج بارسلونا اور اوہسپیتالیت دے یوبریگات میں واقع متعدد طبی مراکز کے حوالے سے دو اہم معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
ان معاہدوں میں، ایک جانب بارسلونا کے ہسپتال دُوس دے مائیگ اور مرکزِ صحت ساگرادا فامیلیا (جس میں بالغوں کے لیے ذہنی صحت کا مرکز، بچوں کی نگہداشت اور دیگر منسلک سہولیات شامل ہیں) کی خریداری شامل ہے، جبکہ دوسری جانب ہسپتال جنرل دے لااوہسپیتالیت دے یوبریگات کے کرائے پر حصول کا معاہدہ کیا گیا ہے۔
یہ دونوں معاہدے سروئی کاتالا دے لا سالوت کی اس پالیسی کا حصہ ہیں جس کا مقصد عوامی ملکیت میں ان اہم طبی اداروں کو برقرار رکھنا اور ان مقامات پر صحت کی خدمات کا تسلسل یقینی بنانا ہے جہاں ریڈ کراس تاریخی طور پر کلیدی کردار ادا کرتی رہی ہے۔
اس معاہدے کے تحت CatSalut نے ریڈ کراس سے یہ طبی کمپلیکس مجموعی طور پر 36.08 ملین یورو میں خرید لیا ہے۔ یہ خریداری کاتالونیا کی حکومت نے 3 جون 2025 کو منظور کی تھی۔ اس اقدام سے ایریا انتیگرال دے سالوت بارسلونا میں صحت کی خدمات کے تسلسل اور بہتری کو یقینی بنایا جائے گا، جو شہر کے سب سے زیادہ گنجان آباد علاقوں میں سے ایک ہے۔