ویلنسیا میں طوفانِ دَانا کے ایک سال بعد سرکاری سوگ اور ریاستی تعزیتی تقریب، متاثرین کا وقار اور انصاف کا مطالبہ
Screenshot
229 ہلاکتوں کی پہلی برسی پر اسپین کے بادشاہ، وزیراعظم اور اعلیٰ حکام کی شرکت، عوامی احتجاج بھی جاری
بارسلونا/ویلنسیا(دوست مانیٹرنگ ڈیسک)ویلنسیا میں ایک سال قبل آنے والے ہلاکت خیز طوفان دَانا (DANA) کی پہلی برسی کے موقع پر آج پورے خطے میں سوگ منایا جا رہا ہے۔ اس تباہ کن طوفان نے 229 افراد کی جان لے لی تھی۔
مرکزی تقریب ریاستی تعزیتی تقریب کی صورت میں “سیوداد دے لاس آرتس ای دی لاس سیئنسیاس” کمپلیکس میں منعقد ہوئی، جس میں اسپین کے بادشاہ فلیپ ششم، وزیراعظم پیدرو سانچیز، وفاقی وزرا اور ویلنسیا کے علاقائی صدر کارلوس مازون سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

متاثرین کی انجمنوں نے پہلے ہی مطالبہ کیا تھا کہ کارلوس مازون اس تقریب میں شریک نہ ہوں۔ جب وہ پہنچے تو کئی لواحقین نے ان کے خلاف نعرے بازی کی۔ تقریب میں موسیقی کے چند ٹکڑے پیش کیے گئے، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، اور بادشاہ فلیپ ششم سمیت تین متاثرہ خاندانوں کے نمائندوں نے خطاب کیا۔

دن بھر مختلف سرکاری دفاتر میں ملازمین نے پانچ منٹ کی خاموشی اختیار کر کے طوفان کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ درجنوں افراد نے Plaça de la Mare de Déu چوک میں 229 سنہری ایمرجنسی کمبل بچھا کر مرنے والوں کی یاد تازہ کی۔

بعد ازاں مظاہرین نے علاقائی صدر کارلوس مازون کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے شرکاء بعد میں اس ریستوران El Ventorro کی طرف بھی گئے جہاں مازون نے گزشتہ سال 29 اکتوبر 2024 کو لنچ کیا تھا، جب طوفان پہلے ہی علاقے میں تباہی پھیلا چکا تھا۔ مظاہرین نے اس دن کو “جرمانہ غفلت” کا نتیجہ قرار دیا۔
کارلوس مازون نے 29 اکتوبر کو باضابطہ طور پر “یومِ سوگ” قرار دیا۔ اپنی تقریر میں انہوں نے کہا:“29 اکتوبر کبھی نہیں بھلایا جائے گا۔ وہ دن اور اس کے بعد کے دن ہمیشہ ہماری اجتماعی یادداشت کا حصہ رہیں گے۔”

انہوں نے تسلیم کیا کہ “کچھ چیزیں بہتر انداز میں کام کرنی چاہیے تھیں”، لیکن ساتھ ہی کہا کہ “حکام نے غیر متوقع حالات میں اپنی پوری کوشش کی، اگرچہ کئی مواقع پر یہ کافی نہیں تھی۔”
مازون نے 2024 کے طوفان کو “ویلنسیا کی تاریخ کی بدترین آفات میں سے ایک” قرار دیا۔ تاہم، انہوں نے اپنی تقریر میں متنازع ہنگامی ردعمل کا ذکر نہیں کیا، جس کی عدالتی تحقیقات اب بھی جاری ہیں۔
پیپے سانتاماریا، جو طوفان سے قبل پارک الکوسا کے ایک خالی پلاٹ میں قائم کاروان میں رہتے تھے، سب کچھ کھو بیٹھے۔ اب وہ ایک دوست کے گھر میں مقیم ہیں۔

انہوں نے کہا:“مجھے کوئی امداد نہیں ملی۔ میں صرف وقار مانگتا ہوں۔ ہر شخص کو گھر کا حق حاصل ہے۔ میں بس اتنا چاہتا ہوں کہ گھر جا سکوں، نہا سکوں اور کھانا کھا سکوں۔”
پارک الکوسا، جو ویلینسیا شہر کے جنوب میں واقع الفافار کا مزدور طبقے کا علاقہ ہے، اب بھی طوفان کے اثرات سے نہیں سنبھل سکا۔ کئی گراؤنڈ فلور مکانات مرمت کے منتظر ہیں، گھروں میں کیچڑ جمع ہے، لفٹیں بند ہیں اور صحت کے خطرات برقرار ہیں۔
کمیونٹی گروپس کے ترجمان تونی ویلیرو کے مطابق:“ہم نے تخمینہ لگایا ہے کہ یہ سب صرف ساڑھے تین ملین یورو میں ٹھیک ہو سکتا ہے۔ مسئلہ یہ نہیں کہ ممکن نہیں، بلکہ یہ ہے کہ اس پر غور ہی نہیں کیا جا رہا۔”
ہفتے کے روز تقریباً پچاس ہزار افراد ویلینسیا کی سڑکوں پر نکل آئے تاکہ 229 جانوں کے ضیاع کی برسی منائی جا سکے اور صدر مازون کے استعفے کا مطالبہ کیا جا سکے۔

مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے:
“صدر جیل جائے”، “موزون مستعفی ہو”، اور “بیلوں کے مقابلوں سے زیادہ فائر فائٹرز چاہییں”۔
عوامی جذبات سے واضح ہے کہ ایک سال گزر جانے کے باوجود طوفانِ دَانا کے زخم ابھی نہیں بھرے۔ لوگ صرف انصاف نہیں بلکہ وقار اور ذمہ داری کا تقاضا کر رہے ہیں۔