کاتالونیا میں شدید بارشوں کی پیشگوئی پر ہنگامی الرٹ جاری
Screenshot
بارسلونا (دوست مانیٹرنگ ڈیسک)اسپین کے ریجن کاتالونیا کی سول پروٹیکشن اتھارٹی نے بدھ کی رات پورے خطے میں موبائل فونز پر ہنگامی انتباہ جاری کیا، جس میں شہریوں کو متوقع طوفانی بارشوں سے آگاہ کیا گیا ہے۔
یہ پیغام رات تقریباً 9:50 بجے بھیجا گیا، جس میں کہا گیا کہ “آج رات اور کل صبح شدید بارشوں کا امکان ہے، خاص طور پر ساحلی اور قریبی علاقوں میں۔” حکام نے شہریوں کو “غیر ضروری سفر سے گریز” اور “ندی نالوں سے دور رہنے” کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بعض علاقوں میں 30 منٹ کے دوران 40 سے 60 لیٹر فی مربع میٹر تک بارش متوقع ہے۔ کاتالونیا کی وزیر داخلہ، نُوریا پرلون، نے کہا کہ “صبح کے ابتدائی اوقات میں احتیاط ضروری ہے کیونکہ اس دوران لوگ کام پر جانے کے لیے نکلیں گے اور شدید بارش کے امکانات زیادہ ہیں۔”
یہ فیصلہ بدھ کی رات ایمرجنسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جو سیلابی صورتحال کے پیش نظر بلایا گیا تھا۔ اجلاس میں صدر سلوادور ایلا اور ایمرجنسی سروسز کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ “رات بھر صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے گی،” اور اگر حالات بگڑے تو “ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔”
یاد رہے کہ یہ ہنگامی الرٹ دو دن بعد جاری کیا گیا ہے جب پیر کی صبح سول پروٹیکشن نے اسی نوعیت کی ایک مشق کے دوران تقریباً پچاس لاکھ موبائل فونز پر ٹیسٹ پیغام بھیجا تھا