بارسلونا کے ضلع سیوتات وییا میں پولیس چھاپے،منشیات فروخت کرنے والے فلیٹس خالی، رواں سال 51 اڈے ختم
Screenshot
ضلع میں جرائم کی شرح 13 فیصد کم، مجرموں کا رخ ایژامپل کی طرف منتقل
بارسلونا(دوست مانیٹرنگ ڈیسک)بارسلونا کے ضلع سیوتات وییا (Ciutat Vella) میں گواردیا اربانا(Guardia Urbana) اور موسوس دی اسکوادرا (Mossos d’Esquadra)پولیس کی بڑھتی ہوئی گشت اور عدالت کی جانب سے بار بار جرائم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے نتیجے میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ گزشتہ سال اکتوبر سے رواں سال ستمبر تک جرائم میں 13.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
یہ اعداد و شمار سیوتات وییا کی مقامی سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں پیش کیے گئے، جس میں بتایا گیا کہ جنوری سے اب تک 51 منشیات کے اڈے (نارکو فلیٹس) ختم کیے گئے اور ان سے منسلک 72 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ سات کینابیس کلبوں پر بھی کارروائی ہوئی جو منشیات فروشی کے مراکز کے طور پر کام کر رہے تھے، جہاں سے 11 گرفتاریاں عمل میں آئیں۔
نارکو فلیٹس کے باعث شہریوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے، کیونکہ ان کے ساتھ چوری، راہزنی اور محلے کی بدامنی جیسے جرائم بھی بڑھتے ہیں۔ اسی لیے اجلاس میں عوامی تعاون کو پولیس اقدامات کے ساتھ جوڑنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اجلاس کی صدارت بارسلونا کے ڈپٹی میئر برائے سلامتی و نظم، البرت باتیے (Albert Batlle) نے کی، جس میں پولیس، ایمرجنسی اداروں اور عدلیہ کے نمائندے شریک تھے۔ فراہم کردہ اعداد کے مطابق ضلع میں جرائم کی تعداد 44,430 سے گھٹ کر 38,513 رہ گئی، جبکہ کیسز کے حل کی شرح 46.7 فیصد تک پہنچ گئی جو پچھلے سال کے مقابلے میں 4.1 فیصد زیادہ ہے۔ مجموعی طور پر پولیس نے 10,393 گرفتاریاں کیں۔