اسپین میں خوراک کے بینکوں کی 13ویں بڑی مہم کا آغاز، 11 ہزار سے زائد سپر مارکیٹوں کی شمولیت
Screenshot
میڈرڈ(دوست مانیٹرنگ ڈیسک)اسپین میں خوراک کے بینکوں کی ملک گیر مہم “گران ریکوخی دا” (Gran Recogida) کا آغاز آج سے ہو گیا ہے، جو 7، 8 اور 9 نومبر تک جاری رہے گی۔ اس موقع پر ایسیداس (ASEDAS) سے وابستہ 11 ہزار سے زیادہ سپر مارکیٹیں ایک بار پھر فیسبال (FESBAL) یعنی فیڈریشن اسپانولا دی بانکوس دی علیمنتوس کے ساتھ تعاون کر رہی ہیں۔
مہم کے دوران 75 ہزار سے زائد رضاکار سپر مارکیٹوں میں موجود رہیں گے، جو خریداروں کو خوراک کی اشیاء یا مالی عطیات دینے کی ترغیب دیں گے۔ زیادہ تر دکانوں میں خوراک جمع کرنے کے لیے خصوصی بکس رکھے جائیں گے، جبکہ بیشتر اسٹورز میں صارفین کو کیش کاؤنٹر پر براہ راست مالی عطیہ دینے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ بعض سپر مارکیٹ چینز میں یہ سہولت 16 نومبر تک جاری رہے گی۔
گزشتہ برسوں میں مالی تعاون عطیہ دینے کا سب سے مؤثر اور پائیدار طریقہ بن چکا ہے۔ اس نظام کے تحت خوراک کے بینک ضرورت کے مطابق اشیاء خرید سکتے ہیں اور عطیہ دہندگان اپنی رسید کے ذریعے ٹیکس میں رعایت بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
اس 13ویں بڑی مہم کے دوران منتظمین کا ہدف 10 لاکھ کلو/لیٹر خوراک کے مساوی عطیات جمع کرنا ہے، جو سال 2026 کی پہلی سہ ماہی تک ضرورت مندوں کے لیے خوراکی ذخائر کو یقینی بنائے گا۔
فیسبال کے مطابق گزشتہ سال 10 لاکھ سے زیادہ افراد (جن میں 25 فیصد بچے شامل ہیں) کو بنیادی خوراکی پیکٹ فراہم کیے گئے۔ عطیات کا 62 فیصد حصہ خوراکی صنعت اور تقسیم کار اداروں سے جبکہ 25 فیصد رقم کرسمس اور بہاری مہمات سے حاصل کی گئی۔
ایسیداس کی ڈائریکٹر برائے ابلاغ نوریہ کاردوسو نے کہا،“یہ ہمارے لیے باعثِ فخر ہے کہ ہم خوراک کے بینکوں کے رضاکاروں کی میزبانی کرتے ہیں۔ یہ تعاون 13 سال سے جاری ہے اور صارفین کی مدد سے وہی جذبہ مزید مضبوط ہوتا جا رہا ہے جو سپر مارکیٹوں کی سال بھر کی فلاحی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔”