اسپین میں مرغیوں کو کھلے مقامات پر پالنے پر پابندی عائد
Screenshot
میڈرڈ (نیوز ڈیسک)اسپین کی وزارتِ زراعت نے ملک بھر میں ایک احتیاطی اقدام کے طور پر پیر 10 نومبر سے مرغیوں کو کھلے مقامات پر پالنے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت کے مطابق اس فیصلے کا مقصد برڈ فلو کے پھیلاؤ کو روکنا ہے، جو حالیہ ہفتوں میں یورپ اور اسپین کے مختلف حصوں میں تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ پابندی کے خاتمے کی کوئی تاریخ فی الحال مقرر نہیں کی گئی۔
وزارتِ زراعت نے بتایا کہ شمالی اور وسطی یورپ میں جنگلی اور پالتو پرندوں میں انفیکشن کے بڑھتے ہوئے کیسز ایک تشویشناک صورتِ حال کی نشاندہی کرتے ہیں۔ یورپی نظام ایڈِس (ADIS) کے مطابق یکم جولائی سے 5 نومبر کے درمیان یورپ کے مختلف پولٹری فارموں میں برڈ فلو کے 139 کیسز ریکارڈ کیے گئے، جن میں سے 14 اسپین میں رپورٹ ہوئے۔
نئی ہدایات کے تحت کھلے ماحول میں مرغیوں کی پرورش، جنگلی پرندوں کے ساتھ پانی کے ذرائع کا اشتراک، اور بطخوں یا ہنسوں کو دیگر اقسام کے پرندوں کے ساتھ پالنے پر مکمل پابندی ہوگی۔
آئرلینڈ، فرانس اور برطانیہ میں بھی اسی نوعیت کے اقدامات کیے جا چکے ہیں کیونکہ سردیوں کے موسم میں ہجرتی پرندوں کی یورپ واپسی کے ساتھ برڈ فلو کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق برڈ فلو وائرس پرندوں کے فضلے، تھوک، اور آلودہ خوراک یا پانی کے ذریعے پھیل سکتا ہے، جس پر کسانوں اور صحت حکام نے شدید تشویش ظاہر کی ہے۔