لیونل میسی کی کیمپ نو واپسی ’’امید ہے ایک دن دوبارہ لوٹ سکوں‘‘
Screenshot
بارسلونا (دوست نیوز)ایف سی بارسلونا کے سابق اسٹار فٹبالر لیونل میسی اتوار کی شب اسپوٹی فائی کیمپ نو اسٹیڈیم واپس آئے، جسے انہوں نے ’’روح سے یاد آنے والی جگہ‘‘ قرار دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنی پوسٹ میں میسی نے کہا، ’’امید ہے کہ ایک دن واپس لوٹ سکوں۔‘‘
میسی نے لکھا کہ کیمپ نو وہ میدان ہے جہاں وہ ’’انتہائی خوش‘‘ رہے اور شائقین نے انہیں ’’دنیا کا سب سے خوش انسان‘‘ محسوس کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ ایک دن واپس آئیں، ’’صرف بطور کھلاڑی الوداع کہنے کے لیے نہیں، کیونکہ میں کبھی ایسا نہیں کر سکا۔‘‘
میسی نے آخری بار 16 مئی 2021 کو سیلتا ویگو کے خلاف لالیگا میچ کے دوران کیمپ نو میں قدم رکھا تھا۔ پانچ ماہ بعد، صدر جوان لاپورتا کے دوبارہ منتخب ہونے کے بعد وہ کلب سے رخصت ہوگئے۔ اس کے بعد بارسلونا کی ٹیم دو سال سے اولمپک اسٹیڈیم لویی کمپانیس میں کھیل رہی ہے، کیونکہ کیمپ نو کی تعمیر نو جاری ہے۔
امریکہ میں کھیلنے والے میسی کی رخصتی کے بعد لاپورتا سے تعلقات بھی کشیدہ ہوگئے تھے، جیسا کہ متعدد میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے۔
میسی نے زیر تعمیر اسٹیڈیم کا دورہ اس وقت کیا جب ٹیم سیلتا ویگو کے خلاف گیلیسیا میں کھیل رہی تھی، اس لیے ان کی سابق کھلاڑیوں یا صدر لاپورتا سے ملاقات نہیں ہوئی۔
دوسری جانب صدر جوان لاپورتا نے جمعے کو کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اسٹیڈیم کی تکمیل کے بعد میسی کے اعزاز میں ایک الوداعی تقریب منعقد کی جائے، جو 1,05,000 تماشائیوں کی گنجائش رکھے گا۔