ایک سے زیادہ زبانیں بولنے کی عادت بڑھاپے کے عمل کو سست کر سکتی ہے۔مطالعہ 

Screenshot

Screenshot

تحقیق کے مطابق جتنی زیادہ زبانیں کوئی شخص جانتا ہے، اتنی ہی زیادہ اس کی ذہنی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور بڑھاپے سے متعلق دماغی تنزلی کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔ یہ تحقیق مرکزِ باسکی برائے ادراک، دماغ اور زبان (BCBL) نے کی ہے اور اسے جریدہ نیچر ایجنگ (Nature Aging) میں شائع کیا گیا ہے۔

تحقیق کے نتائج سے پتا چلا ہے کہ جو افراد صرف ایک زبان بولتے ہیں، ان میں تیز رفتار بڑھاپے کے امکانات تقریباً دو گنا (2.11 گنا) زیادہ ہوتے ہیں، جبکہ جو لوگ کم از کم ایک اضافی زبان بولتے ہیں، ان میں ایسے امکانات 2.17 گنا کم پائے گئے۔ یہ اثر بتدریج بڑھتا ہے، یعنی جتنی زیادہ زبانیں بولی جائیں، اتنی ہی بہتر ذہنی حفاظت ممکن ہے۔

ٹریٹی کالج ڈبلن کے انسٹی ٹیوٹ آف گلوبل برین ہیلتھ کے ماہر اگستین ایبنیز کے مطابق، “کئی زبانوں کا استعمال صرف ثقافتی یا ابلاغی فائدہ نہیں دیتا بلکہ یہ صحتِ عامہ کے لیے ایک اہم عنصر بن سکتا ہے۔” ان کا کہنا ہے کہ اس کے اثرات ورزش، متوازن غذا یا صحت مند طرزِ زندگی جیسے دیگر مثبت عادات کے برابر یا بعض صورتوں میں ان سے زیادہ مؤثر ہو سکتے ہیں۔

تحقیق میں یورپ کے 27 ممالک کے 86 ہزار 149 افراد کے اعدادوشمار شامل کیے گئے۔ شرکاء کی عمر 51 سے 90 سال کے درمیان تھی۔ ماہرین نے مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی مدد سے ان کے جسمانی اور طرزِ زندگی سے متعلق عوامل کا تجزیہ کیا تاکہ اندازہ لگایا جا سکے کہ ان میں حیاتیاتی عمر کس حد تک کم یا زیادہ ہے۔

نتائج کے مطابق، وہ افراد جو کئی زبانیں بولتے ہیں، ان میں دماغی تنزلی کی رفتار سست اور عمومی طور پر صحت بہتر پائی گئی۔ یہ مثبت اثرات اس وقت بھی برقرار رہے جب محققین نے عمر، جسمانی حالات، سماجی و معاشرتی پس منظر جیسے عوامل کو مدنظر رکھا۔

ایبنیز کے مطابق، یہ تحفظ تین بنیادی راستوں سے پیدا ہوتا ہے:

  1. حیاتیاتی سطح پر، دماغی نیٹ ورکس کی بہتر فعالیت اور پلاسٹی سٹی۔
  2. ادراکی سطح پر، توجہ، یادداشت اور فیصلہ سازی کی مشق کے نتیجے میں زیادہ ذہنی ذخیرہ۔
  3. سماجی سطح پر، بہتر سماجی میل جول جو ذہنی دباؤ میں کمی لاتا ہے۔

تحقیق میں شریک بی سی بی ایل کی ماہر لوسیا اموروسو نے کہا کہ “کئی زبانیں بولنا ایک سادہ اور کم خرچ ذریعہ ہے جو صحت مند بڑھاپے کو فروغ دے سکتا ہے۔”

انہوں نے زور دیا کہ زبانوں کی تعلیم کو عوامی صحت اور تعلیمی پالیسیوں کا حصہ بنایا جانا چاہیے تاکہ ذہنی مزاحمت میں اضافہ ہو اور بڑھاپے سے جڑی سماجی و معاشی مشکلات میں کمی آئے۔

اس تحقیق میں فاؤنڈیشن واسکا برائے سائنس (Ikerbasque) اور یونیورسٹی آف دی باسک کنٹری کے محققین نے بھی حصہ لیا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے