بارسلونا میں کرسمس تقریبات کا اعلان، روشنی، موسیقی اور جادو کا امتزاج
Screenshot
بارسلونا کے میئر جاؤمہ کولبونی نے بدھ کے روز سٹی ہال میں کرسمس سیزن 2025 کی تقریبات کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ “اس سال شہر میں موسیقی، روشنی، جادو اور خوشی کا امتزاج ہوگا۔”

تقریبات کا آغاز 22 نومبر کو شام چھ بجے کرسمس لائٹس کے باضابطہ افتتاح سے ہوگا، جو 5 جنوری 2026 تک جاری رہیں گی۔ اس عرصے میں شہر کے مختلف حصوں میں سینکڑوں شوز، کنسرٹس اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے، جب کہ سٹی ہال میں روایتی کرسمس نیٹیوٹی سین (پیدائشِ مسیح کا منظر) بھی سجایا جائے گا۔

اس سال شہر کی 126 کلومیٹر سڑکیں رنگا رنگ روشنیوں سے جگمگائیں گی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 16 کلومیٹر زیادہ ہیں۔ روشنیوں کا سلسلہ روزانہ شام ساڑھے پانچ بجے سے رات ایک بجے تک جاری رہے گا، جب کہ خاص دنوں پر یہ دو بجے تک روشن رہیں گی۔

مرکزی تقریب حسبِ روایت پاسیج دے گراسیا (Passeig de Gràcia) پر ہوگی، جس میں مشہور ہدایتکار پیپ آنتون گومیز اور بروا آرٹس گروپ خصوصی پروگرام پیش کریں گے۔ افتتاحی شو میں “اَن کور کِ باتیگا” (دھڑکتا دل) کے عنوان سے کرسمس کیرول اور ایکروبیٹک رقص شامل ہوں گے۔

20 سے 30 دسمبر تک پلاسا دے کاتالونیا میں “بارسلونا کرسمس فیسٹیول” منعقد ہوگا، جس میں 357 اسٹریٹ پرفارمنسز شامل ہوں گی۔ دن کے چار مختلف اوقات میں تھیٹر، سرکس، رقص اور موسیقی کے پروگرام ہوں گے۔

پلاسا سانت جاومے میں 15 میٹر بلند کرسمس ٹری نصب کیا جائے گا، جب کہ کاتالونیا حکومت اور سٹی کونسل کی عمارتوں پر ڈیجیٹل آرٹ کے ذریعے کرسمس مناظر پروجیکٹ کیے جائیں گے۔ سٹی ہال کے اندر 13 دسمبر سے 5 جنوری تک روایتی نیٹیوٹی سین عوام کے لیے کھلا رہے گا، جس کا حجم اس بار تین گنا بڑھا کر 70 مربع میٹر کر دیا گیا ہے۔
“ساؤنڈز آف دی سٹی” کے عنوان سے 12 دسمبر سے 4 جنوری تک شہر کے مختلف مقامات پر 45 کنسرٹس ہوں گے، جن میں جاز، پاپ، کلاسیکل اور کاتالان رمبا موسیقی شامل ہوگی۔ مشہور Orfeó Català کا سالانہ کرسمس کنسرٹ 29 دسمبر کو بارسلونا کیتھیڈرل کے سامنے ہوگا۔

31 دسمبر کی شب نئے سال کا مرکزی جشن مونتجوئک کے دامن میں ایونگودا ماریا کرستینا پر منایا جائے گا، جہاں آتش بازی، ڈرون شو اور جدید لائٹ ڈسپلے پیش کیا جائے گا۔ تقریب رات 10 بجے جادوئی فاؤنٹین کے شو سے شروع ہوگی۔
5 جنوری کی شام تین بادشاہ (Three Kings) مشرق سے کشتیوں کے ذریعے بارسلونا پہنچیں گے۔ رات چھ بجے سے ان کی روایتی پریڈ شہر کی سڑکوں سے گزرتی ہوئی مونتجوئک تک جائے گی۔ اس بار پریڈ میں نئی جھانکیاں، موسیقی، رقص اور بین الاقوامی فنکاروں کی شمولیت اسے مزید دلکش بنائے گی۔

بارسلونا نے “یورپی دارالحکومتِ کرسمس 2026” کا اعزاز حاصل کرنے کے لیے درخواست دی ہے۔ یورپی یونین کے تحت دیا جانے والا یہ اعزاز اُن شہروں کو ملتا ہے جن کی کرسمس تقریبات دیگر یورپی شہروں کے لیے مثال بنیں۔ نتیجے کا اعلان نومبر کے آخر میں ہوگا، جب کہ رسمی تقریب 13 دسمبر کو ولنیئس (لیتھوانیا) میں منعقد ہوگی۔