بیجنگ میں ہسپانوی شاہی جوڑے کا تاریخی قدم، تیان آن من چوک میں پہلی بار پھولوں کی چادر چڑھائی
Screenshot
بیجنگ (دوست مانیٹرنگ ڈیسک) اسپین کے بادشاہ فلپ ششم اور ملکہ لیتیثیا نے چین کے سرکاری دورے کے اختتام پر تاریخی تیان آن من چوک میں پھولوں کی چادر چڑھا کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ہسپانوی بادشاہ اور ملکہ نے اس علامتی مقام پر یہ رسم ادا کی ہو۔
بادشاہ فلپ ششم اور ملکہ لیتیثیا کا چینی صدر شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ پینگ لیوآن نے عظیم عوامی ہال کے باہر سرکاری تقریب میں پرتپاک استقبال کیا، جہاں دونوں ممالک کے پرچم فضا میں لہرا رہے تھے۔ دونوں سربراہان نے قومی ترانوں کی دھن پر پریڈ کا معائنہ کیا اور بعد ازاں تقریب میں دس دوطرفہ معاہدوں پر دستخط ہوئے جنہیں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے استحکام کی علامت قرار دیا گیا۔
تقریب کے بعد شاہی جوڑے نے تیان آن من چوک میں جا کر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ یہ مقام چین کے شہداء کی یادگار کے طور پر جانا جاتا ہے، تاہم اس رسم کا تعلق 1989ء کے احتجاجی واقعات سے نہیں تھا۔
اپنے خطاب میں بادشاہ فلپ ششم نے کہا کہ ’’موجودہ پیچیدہ جغرافیائی حالات میں دنیا کے نظم و ضبط، کثیرالجہتی نظام اور باہمی تعاون کا تحفظ ناگزیر ہے۔‘‘ انہوں نے زور دیا کہ ’’عالمی مسائل کے حل کے لیے چین کی آواز اور اس کا کردار نہایت اہم ہے۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ اسپین اور چین کے درمیان تجارت کا حجم پچاس ارب یورو تک پہنچ چکا ہے اور دونوں ممالک میں تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ بادشاہ نے مستقبل میں تعلقات کو جدت، اختراع اور پائیداری پر مرکوز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
فلپ ششم نے کہا، ’’انسانی تاریخ کی بہت سی بڑی سائنسی و فکری انقلابات مشرق و مغرب کے درمیان باہمی تعاون اور تخلیقی اشتراک کے باعث ممکن ہوئے۔‘‘ انہوں نے یاد دلایا کہ ’’کاغذ سب سے پہلے چین سے یورپ پہنچا تھا، اور ہمیں چاہیے کہ اسی فکری دھارے کو اپنے مستقبل کی سمت جاری رکھیں۔‘‘
دورے کے اختتام پر بیجنگ کے نیشنل گرینڈ تھیٹر میں ہسپانوی شاہی تھیٹر آرکسٹرا نے خصوصی موسیقی پروگرام پیش کیا، جس سے دورے کی تقریبات اختتام پذیر ہوئیں۔