عالمی یومِ ایڈز ، کاتالونیا میں 36 ہزار 524 افراد ایچ آئی وی کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں،محکمہ صحت رپورٹ

Screenshot

Screenshot

بارسلونا(دوست مانیٹرنگ ڈیسک)کاتالونیا میں 2024 کے دوران ایچ آئی وی کے نئے کیسز کی تعداد 487 رہی، تاہم مجموعی طور پر انفیکشن میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق اس وقت 36 ہزار 524 افراد ایچ آئی وی کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، جن میں سے 5.8 فیصد کو اپنی بیماری کا علم نہیں۔ یہ اعداد و شمار عالمی یومِ ایڈز کے موقع پر جاری کیے گئے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کاتالونیا نے اقوام متحدہ کے ادارے اون ایڈز کے 90-90-90 اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ اب 94 فیصد متاثرہ افراد کو اپنی تشخیص کا علم ہے، ان میں سے 93 فیصد علاج حاصل کر رہے ہیں اور علاج پر موجود افراد میں سے 96 فیصد کی وائرل لوڈ غیر محسوس ہے۔ ماہرین اسے 2030 تک ایچ آئی وی کو صحتِ عامہ کے لیے خطرہ نہ رہنے دینے کے ہدف کی جانب مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 2024 میں سامنے آنے والے نئے مریضوں میں آٹھ میں سے دس مرد ہیں اور تشخیص کی اوسط عمر 39 برس ہے۔ 2010 سے 2024 تک کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ایچ آئی وی کے نئے کیسز بتدریج کم ہوئے ہیں۔ شرح 2010 میں ہر ایک لاکھ آبادی میں 12.2 کیسز تھی جو 2024 میں گھٹ کر 6.1 رہ گئی، یعنی اوسط سالانہ کمی 4.4 فیصد رہی۔ اس کی وجہ علاج کی فوری دستیابی، PrEP کے استعمال میں اضافہ اور بہتر احتیاطی اقدامات بتائی جا رہی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق وائرس کی بنیادی منتقلی جنسی تعلقات کے ذریعے ہوتی ہے۔ نئے تشخیص شدہ کیسز میں 53.6 فیصد وہ مرد ہیں جو مردوں کے ساتھ جنسی تعلق رکھتے ہیں جبکہ 44.5 فیصد مرد و خواتین میں ہیٹروسیکسول تعلقات کے ذریعے سامنے آئے۔

ماہرین کے مطابق ایچ آئی وی سے بچاؤ کی مؤثر حکمت عملیوں میں سے ایک PrEP (پروفیلیکسیس پری ایکسپوژر) ہے، جو اس وقت کاتالونیا کے 21 مراکز میں فراہم کی جا رہی ہے اور 13 ہزار سے زائد افراد اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ تاہم BCN Checkpoint نے حال ہی میں بتایا ہے کہ PrEP کی کمی کے باعث کم از کم 20 افراد اس دوا کے انتظار میں ایچ آئی وی کا شکار ہو گئے، جبکہ 4 ہزار افراد فہرستِ انتظار میں موجود ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے