بارسلونا میں ٹیکسی ڈرائیوروں کا احتجاج، محدود شرکا کے باوجود شدید ٹریفک جام،اوبر کی جانب سے ڈرائیورز کے لئےنئے اعلانات
Screenshot
بارسلونا(دوست مانیٹرنگ ڈیسک)ایلیٹ ٹیکسی کی جانب سے منگل کو اعلان کردہ صوبہ بھر کی ہڑتال اور مرکزی بارسلونا میں دھرنے نے شہر میں شدید ٹریفک مشکلات پیدا کیں، حالانکہ احتجاج میں شامل ٹیکسیوں اور مظاہرین کی تعداد معمول سے کہیں کم رہی۔ اس احتجاج کا مقصد کاتالونیا کی پارلیمان پر دباؤ ڈالنا تھا تاکہ مجوزہ “اینٹی اوبر” قانون میں کوئی ترمیم نہ کی جائے، جس کے مطابق بارسلونا میں وی ٹی سی لائسنسوں کی تعداد میں نمایاں کمی کی جائے گی۔
صبح ساڑھے نو بجے کے بعد سینکڑوں ٹیکسی ڈرائیوروں نے گران ویا اور پاسیج دے گراسیا کے مختلف حصوں میں اپنی گاڑیاں کھڑی کر کے مرکزی علاقوں کو بلاک کر دیا۔ ایلیٹ ٹیکسی کے رہنما، تیتو آلواریز، نے دعویٰ کیا کہ احتجاج کے لئے مختص جگہ میں 1,800 تک ٹیکسیاں موجود تھیں، جبکہ بارسلونا پولیس کے مطابق یہ تعداد 500 کے قریب تھی اور مظاہرین کی تعداد بھی تقریباً 350 رہی۔
اس بار، ایلیٹ ٹیکسی کو شعبے کی دیگر بڑی تنظیموں، جن میں ایس ٹی اے سی، اے ٹی سی اور پاک ٹیکسی شامل ہیں، کی حمایت حاصل نہیں تھی۔ ان تنظیموں نے پہلے ہی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ احتجاج کے لیے مناسب مشاورت نہیں کی گئی۔
پولیس کے مطابق مرکزی علاقوں میں ٹریفک تین گھنٹے سے زائد معطل رہا، جبکہ ایلیٹ ٹیکسی کا دعویٰ ہے کہ پورے کاتالونیا میں ٹیکسی سروس تقریباً مکمل طور پر بند رہی، بشمول ایئرپورٹس۔
تیتو آلواریز نے خبردار کیا کہ اگر مارچ تک مجوزہ قانون منظور نہ ہوا تو وہ غیر معینہ ہڑتال کی کال دیں گے۔
احتجاج کے دوران ایلیٹ ٹیکسی نے اوبر کے خلاف کاتالونیا کی مسابقتی اتھارٹی میں نئی شکایت بھی جمع کرائی۔ یاد رہے کہ 2023 میں اسی اتھارٹی نے ایلیٹ ٹیکسی پر غیر منصفانہ مقابلے کے الزام میں جرمانہ عائد کیا تھا۔
“اینٹی اوبر” قانون، جسے “قانون تیتو” بھی کہا جاتا ہے، کا مقصد بارسلونا میں وی ٹی سی سروسز کو سختی سے محدود کرنا ہے۔ موجودہ متن کے مطابق، 990 میں سے 600 وی ٹی سی لائسنس فوری طور پر ختم کر دیے جائیں گے، جبکہ آئندہ سالوں میں نئی وی ٹی سی اجازت ناموں کا اجراء انتہائی محدود اور مختصر مدت کا ہو گا۔ ٹیکسی شعبہ سمجھتا ہے کہ اگر معاملہ عدالتوں میں گیا بھی تو کئی سال گزر جائیں گے اور تب تک زیادہ تر وی ٹی سی لائسنس خود ہی ختم ہو چکے ہوں گے۔
اوبر اور دوسری وی ٹی سی کمپنیوں نے گزشتہ ماہ بارسلونا کے کاروباری حلقوں کے ساتھ مل کر قانون پر شدید اعتراضات اٹھائے اور اسے شہر کی نقل و حرکت کے لئے نقصان دہ قرار دیا۔
ہڑتال کے روز اوبر نے اعلان کیا کہ وہ بارسلونا میں اپنی پلیٹ فارم سے جڑنے والے نئے ٹیکسی ڈرائیوروں کے انشورنس کی آدھی رقم ادا کرے گا۔ کمپنی کے مطابق، 31 مارچ 2026 تک شامل ہونے والے لائسنس ہولڈرز کو 1,500 یورو کی امداد دی جائے گی، بشرطیکہ وہ پہلے 60 دنوں میں 250 سفر مکمل کریں۔
اس کے ساتھ ساتھ اوبر نے ایسے ڈرائیوروں کے لئے 300 یورو ماہانہ کا اشتہاری پروگرام اور نئے ساتھیوں کو متعارف کروانے پر بونس بھی متعارف کرایا ہے۔
اوبر نے بھی ہڑتال کے اعلان کو مسابقتی اتھارٹی کے سامنے چیلنج کیا ہے اور الزام لگایا ہے کہ ایلیٹ ٹیکسی اوبر کے خلاف منظم بائیکاٹ اور ڈرائیوروں کو دھمکیوں میں ملوث ہے۔ جواب میں ایلیٹ ٹیکسی کا مؤقف ہے کہ اوبر اور چند وی ٹی سی کمپنیاں کارٹل کی طرح کام کر رہی ہیں اور قوانین کی خلاف ورزی کے ذریعے منڈی پر قبضہ جمانا چاہتی ہیں۔
احتجاج سہ پہر چار بجے تک جاری رہنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ شہر میں ٹریفک کی صورتحال دوپہر کے بعد بتدریج معمول پر آنے لگی۔