بارسلونا میں غیر قانونی ادویات کی اسمگلنگ کرنے والا گروہ پکڑا گیا،معروف اینڈوکرائنولوجسٹ گرفتار
Screenshot
بارسلونا میں پولیس نے ایک ایسے گروہ کو گرفتار کر لیا ہے جس کی قیادت ایک مشہوراینڈوکرائنولوجسٹ اور سوشل میڈیا پر اثر و رسوخ رکھنے والے ڈاکٹر کر رہے تھے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ غیر قانونی ادویات کی بین الاقوامی اسمگلنگ میں ملوث تھے۔ پولیس کے مطابق یہ ڈاکٹر، جو ماضی میں باڈی بلڈر بھی رہ چکے ہیں، خود ہی ایسی ادویات تجویز کرتے تھے جو گروتھ ہارمون کو بڑھانے اور پٹھوں کی ساخت بہتر بنانے کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔ یہ مصنوعات گروہ کی سب سے زیادہ منافع بخش اشیا تھیں۔
ادویات کی ترسیل دنیا بھر میں کورئیر کمپنیوں کے ذریعے ادائیگی وصول کرنے کے بعد کی جاتی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کے پیچھے ایک مضبوط مالیاتی ڈھانچہ موجود تھا جو ٹیکس حکام کی نظروں سے بچنے اور ناجائز آمدنی کو چھپانے کے لیے کافی حد تک پوشیدگی فراہم کرتا تھا۔
کارروائی 26 نومبر کو کی گئی جس میں آٹھ مرد اور ایک عورت کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے 13 گھروں کی تلاشی لی جن میں تین بارسلونا شہر میں واقع تھے۔ جنوری میں شروع ہونے والی اس تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ نیٹ ورک نے غیر قانونی منافع چھپانے کے لیے بیرون ملک کمپنیوں کا جال بچھا رکھا تھا۔ اس کارروائی میں یوروپول اور اسٹونین پولیس نے بھی تعاون کیا۔
گروہ نے مختلف یورپی ملکوں میں قائم کمپنیوں، بینک اکاؤنٹس، قیمتی اشیا اور کرپٹو کرنسی کے ذریعے کم از کم پندرہ لاکھ یورو کی غیر قانونی دولت چھپائی ہوئی تھی۔
ہسپتال دی بیلوِیچے کی ڈاکٹر نوریا ویلاراسا نے خبردار کیا کہ بغیر ضرورت ٹیسٹوسٹرون یا اسی نوعیت کی ادویات استعمال کرنا خون میں جمنے، فالج، کولیسٹرول میں بگاڑ، پانی جمع ہونے اور دل کے مسائل جیسے خطرات پیدا کر سکتا ہے۔
جنوری 2025 سے جاری اس تفتیش کے دوران 13 مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ پولیس نے 2 لاکھ 50 ہزار یورو نقد، 40 ہزار گولیاں، گروتھ ہارمون کے 2 ہزار 500 وائل، اور جسمانی کارکردگی بڑھانے والی 500 سے زائد گولیاں ضبط کیں۔ اس کے علاوہ قیمتی گھڑیاں اور ایک مشہور کارڈ گیم کی نایاب کلیکشن بھی ملی جو مبینہ طور پر منی لانڈرنگ میں استعمال ہو رہی تھی۔
کارروائی بارسلونا، لا اوہسپیتالت، وِلانوا ای لا جلترو، کانیئس، ماسنو،کاستیدیفیلس ، ال پرات، سالاؤ اور وائیارانا میں کی گئی۔