پاکستان فورم اسپین کے زیراہتمام کرسمس کا کیک کاٹا گیا
بارسلونا(دوست نیوز)پاکستان فورم اسپین کے پلیٹ فارم سے صدر پاکستان فورم اسپین سید ذوالقرنین شاہ نے ڈالڈا یورپ کے دفتر میں کرسمس کی خوشی میں ممتاز منیر سہوترہ ،محترمہ جوزفین کرسٹینااور راجو الیگزینڈر کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹا اور کرسمس کی مبارک باد دی

کرسمس تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی اور اپنے مسیحی بھائیوں کو دلی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ تمام مذاہب امن اور اتحاد کی تعلیم دیتے ہیں اور معاشرے اسی صورت آگے بڑھ سکتے ہیں جب ہم امن اور محبت کے پیغام کو آگے بڑھائیں ،تمام انبیاء اکرام نے بھی انسانیت سے محبت کا درس دیا ہے۔

سید ضیغم عباس نقوی،پروفیسر مشتاق احمد،پروفیسر طاہر عظیم ،سید ذوالقرنین شاہ ،،سید شبیر شاہ،چوہدری صفدر اقبال وڑائچ،سید فخر عباس شاہ، چوہدری نذیر گوندل،محمد اشفاق،چوہدری تبریز بوگا،راجو الیگزینڈر،ممتاز منیر سہوترہ اور دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کمیونٹی میں بھائی چارے کے عمل کو فروغ دینے پر بات کی اور حضرت عیسی علیہ السلام کی پیدائش کی مبارک باد دی۔
سید ذوالقرنین شاہ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے محبت کی بات کی ہے اور فاطمیہ فاؤنڈیشن امامیہ بارگاہ کے دروازے مسیحی کمیونٹی کے لئے کھلے ہیں انہوں نے کہا کہ میں جب تک ہوں مسیحی برادری کے ساتھ ہوں اور اسی طرح ان کی خوشیوں کو مناتے رہیں گے

اس موقع پر سید ذوالقرنین شاہ،پروفیسر مشتاق احمد اور سید فخر عباس شاہ نے محترمہ جوزفین کرسٹینا،ممتاز منیر سہوترہ اور راجو الیگزینڈر کو تحائف بھی پیش کئے

سی ای او ڈاکٹر بابر جارج بھٹی،ادارہ برائے نفاذ انسانی حقوق امریکہ ،ایمبیسیڈر آف پیس،چوہدری مشتاق احمد کمبوہ محمدی مولائی نیویارک امریکہ نے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا سب سے پہلے ہماری طرف سے کرسیچن کمیونٹی کو حضرت عیسی علیہ السلام کی پیدا ئش پر مبارک باد پیش کرتا ہوں

جس مشن کے لئے ہم نکلے ہیں وہ امن اور بھائی چارے کا ہے اور اس میں ہم کافی حد تک کامیاب بھی ہیں
قرآنِ پاک کا اصولی فیصلہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے تمام رسول حق ہیں اور ان کے درمیان کسی قسم کا فرق نہیں کیا جا سکتا۔ قرآن مجید میں ارشاد ہوتا ہے: لَا نُفَرِّقُ بَيْنَ أَحَدٍ مِنْ رُسُلِهِ یعنی ہم اس کے رسولوں میں سے کسی ایک کے درمیان بھی فرق نہیں کرتے۔

اسی بنیاد پر اسلام کا تقاضا یہ ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام سمیت تمام انبیاء پر ایمان رکھا جائے۔ جو شخص حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو نبی تسلیم نہیں کرتا، وہ اسلامی عقیدے کے مطابق اپنے ایمان کو مکمل نہیں کر پاتا۔

قرآنِ پاک میں مختلف انبیاء اور آسمانی کتابوں کا ذکر ایک تسلسل کے ساتھ آیا ہے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے کسی قوم، کسی نبی یا کسی کتاب کے درمیان امتیاز قائم نہیں کیا۔ یہ سب ہدایت کا ایک ہی سلسلہ ہیں جو مختلف ادوار میں انسانیت کی رہنمائی کے لیے نازل ہوا۔
قرآن مجید اس سلسلے کو آخری نبی حضرت محمد ﷺ پر مکمل قرار دیتا ہے، جن پر نازل ہونے والی کتاب کو قیامت تک کے لیے ہدایت کا معیار بنایا گیا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے حضور نبی کریم ﷺ کو پوری دنیا کے لیے رحمتُ العالمین بنا کر بھیجا اور یہ ذمہ داری دی کہ آپ اپنے اخلاق، شفقت اور تمام انبیاء کے ذکر کے ذریعے لوگوں کو ہدایت دیں۔ یہی پیغام ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ ہدایت کا راستہ تفرقہ نہیں بلکہ سمجھ، برداشت اور احترام ہے۔
اسی سوچ کے تحت تنظیم پیغام امن جس کی صدر میری بیٹی اور میری بہن جوزفین کرسٹینا ہیں، ابتدا سے اسی راستے پر گامزن ہے۔ ہم نے ہمیشہ یہی کوشش کی ہے اور کرتے آ رہے ہیں کہ لوگوں کو جوڑنے کی بات کی جائے، نہ کہ بانٹنے کی۔
اسی تناظر میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی شخصیت خاص اہمیت رکھتی ہے۔ آپ کو “پرنس آف پیس” کے نام سے یاد کیا جاتا ہے کیونکہ آپ کی تعلیمات امن، محبت اور انسانیت کی خدمت پر مبنی ہیں۔ آپ کا پیغام آج بھی ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ امن اور محبت ہی اصل انسانیت کی بنیاد ہیں۔
سید ذوالقرنین شاہ نے کرسمس تقریب میں تمام مہمانوں کے لئے تواضع کا بھی اہتمام کیا ۔