بارسلونا میں کرسمس کے موقع پر یکجہتی اور انسان دوستی کی ایک خوبصورت مثال

Screenshot

Screenshot

بارسلونا(دوست نیوز)بارسلونا میں کرسمس کے موقع پر یکجہتی اور انسان دوستی کی ایک خوبصورت مثال دیکھنے میں آئی، جہاں کمیونٹی آف سانت ایجیدیؤ کے زیرِ اہتمام کرسمس کا خصوصی عشائیہ منعقد ہوا۔ اس عشائیے میں پندرہ سو افراد نے شرکت کی، جن میں پناہ گزین، بے گھر افراد، سماجی طور پر کمزور طبقوں سے تعلق رکھنے والے اور تنہائی کا شکار لوگ شامل تھے۔ 

Screenshot

یہ مناظر ہیں بارسلونا کے تاریخی گوتھک علاقے کی باسیلیکا سینٹس مارتیئرس جسٹ ای پاسٹر کے، جہاں کرسمس کے سب سے بڑے فلاحی عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ صرف اسی مقام پر دو سو افراد نے ایک ہی دسترخوان پر بیٹھ کر کرسمس منایا، جبکہ شہر کے سات مختلف مقامات پر مجموعی طور پر پندرہ سو افراد اس تقریب کا حصہ بنے۔

اس اجتماعی عشائیے میں پانچ سو رضاکاروں نے خدمات انجام دیں، جنہوں نے مہمانوں کا استقبال کیا، کھانا پیش کیا اور سب کے ساتھ وقت گزارا۔ منتظمین کے مطابق، اس دن کا مقصد صرف کھانا کھلانا نہیں بلکہ ان لوگوں کو اپنائیت کا احساس دلانا تھا جو اکثر معاشرے میں تنہا رہ جاتے ہیں۔

“یہ عشائیہ سب کے لیے ہے۔ ہم پوری سوسائٹی کو بھائی چارے اور یکجہتی کا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ یہ ایک ایسا خاندان ہے جو غریبوں اور کمزوروں تک پھیل جاتا ہے۔”

اس دن جذباتی لمحات بھی دیکھنے میں آئے۔ کئی رضاکاروں کا کہنا تھا کہ وہ ہر سال اس لیے آتے ہیں کہ یہاں ملنے والی کہانیاں اور تعلقات دل پر گہرا اثر چھوڑتے ہیں۔

“لوگوں کے ساتھ براہِ راست رابطہ مجھے بہت متاثر کرتا ہے۔ یہاں ایسی کہانیاں سننے کو ملتی ہیں جو زندگی بھر یاد رہتی ہیں۔”

عشائیے میں شریک بزرگوں اور تنہا افراد کے چہروں پر خوشی نمایاں تھی۔ ننانوے سالہ ماریا، جو اس اجتماع کی سب سے عمر رسیدہ شریک تھیں، نے کہا کہ وہ خود کو یہاں بالکل گھر جیسا محسوس کر رہی ہیں۔

کھانے میں مکمل طور پر روایتی کرسمس مینو پیش کیا گیا، جس میں اسکوڈییا دے گالیتس، کینیلونی، آلو بخارے اور پائن نٹس سے بھرا ہوا چکن، جبکہ میٹھے میں توررون اور نیولاس شامل تھیں۔ اختتام پر سب نے کاوا کے ساتھ کرسمس کی خوشیوں کا جام اٹھایا۔

یہ روایت تینتالیس برس قبل روم سے شروع ہوئی تھی اور آج دنیا کے ستر ممالک میں منائی جا رہی ہے، جہاں ہر سال لاکھوں افراد اس دسترخوانِ محبت کا حصہ بنتے ہیں۔

ایسی تقریبات یہ پیغام دیتی ہیں کہ کرسمس صرف تہوار نہیں بلکہ ایک دوسرے کے ساتھ جڑنے اور کسی کو اکیلا نہ چھوڑنے کا نام بھی ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے