بورگوس کے اسپتال میں انسانی غلطی، کینسر کے دو مریض جاں بحق
Screenshot
اسپین کے شہر بورگوس کے ہسپتال یونیورسٹیریو دی بورگوس (HUBU) میں علاج کی تیاری کے دوران ہونے والی انسانی غلطی کے باعث کینسر کے دو مریض جان کی بازی ہار گئے، جبکہ اسی واقعے سے متاثر ہونے والے تین دیگر مریضوں میں سے ایک اس وقت آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔ اسپتال ذرائع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس غلطی کی ذمہ داری علاقائی صحت ادارہ ساکیل (Sacyl) نے بطور ادارہ قبول کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ کرسمس کی تعطیلات کے دوران پیش آیا، جب ایک مخصوص دوا کی خوراک کی تیاری میں غلطی ہو گئی، جو صرف چند مریضوں کے لیے تیار کی جا رہی تھی۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس واقعے سے صرف پانچ مریض متاثر ہوئے اور دیگر مریضوں کے لیے کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر پانچ مریض اس غلطی سے متاثر ہوئے۔ ان میں سے دو مریض فوت ہو چکے ہیں، ایک مریض آئی سی یو میں زیر علاج ہے، ایک کو عام وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پانچواں مریض صحت یاب ہو کر گھر جا چکا ہے۔
اسپتال نے بتایا کہ جیسے ہی معاملے کا علم ہوا، فوری طور پر اندرونی تحقیقات شروع کر دی گئیں تاکہ واقعے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ علاج اور ادویات کی تیاری کے تمام پروٹوکولز کا ازسرِنو جائزہ لیا گیا ہے تاکہ آئندہ اس نوعیت کی انسانی غلطیوں کے امکانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق متاثرہ مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ سے مسلسل رابطہ رکھا گیا، انہیں تمام معلومات اور وضاحتیں فراہم کی گئیں اور اسپتال کی جانب سے قانونی اور دیگر ضروری سہولیات بھی ان کے لیے دستیاب رکھی گئی ہیں۔
ہسپتال یونیورسٹیریو دی بورگوس نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ ایک محدود اور مخصوص انسانی غلطی تھی، جس کا دائرہ صرف انہی پانچ مریضوں تک رہا، اور اسپتال اس ذمہ داری کو اجتماعی طور پر قبول کرتا ہے، کسی ایک فرد یا ملازم کو موردِ الزام نہیں ٹھہرایا گیا۔