ڈاکٹروں کی ایک بار پھر ہڑتال، بارسلونا کے مرکز میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان
Screenshot
بارسلونا(دوست نیوز)کاتالونیا کے ڈاکٹر ایک مرتبہ پھر ہڑتال پر جا رہے ہیں۔ سندھیکات دے میتخیس (Sindicat de Metges) نے بدھ اور جمعرات، 14 اور 15 جنوری کو دو روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ یہ ہڑتال دسمبر میں 9 اور 10 تاریخ کو ہونے والی دو روزہ ہڑتال کے بعد کی جا رہی ہے۔
یہ فیصلہ اس کے باوجود کیا گیا ہے کہ وزارتِ صحت اور بعض غیر طبی یونینوں کے درمیان اسٹیٹوٹ مارک (Estatut marc) کی تجدید پر ایک ابتدائی معاہدہ طے پا چکا ہے۔ ڈاکٹروں کی یونین کا کہنا ہے کہ جب تک محکمۂ صحت اور دیگر متعلقہ ادارے میتخیس دے کاتالونیا کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کی میز پر نہیں بیٹھتے، احتجاج جاری رہے گا۔
یونین کے مطابق مطالبات میں ڈاکٹروں کے لیے بہتر طبی، انتظامی اور ملازمت کے حالات شامل ہیں۔ ڈاکٹروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کے لیے ایک الگ اور مخصوص مذاکراتی فورم قائم کیا جائے جہاں ان کے کام کے اوقات، ذمہ داریوں اور طبی خدمات کی تنظیم سے متعلق معاملات طے کیے جا سکیں۔
گزشتہ ہڑتالوں کی طرح اس بار بھی سڑکوں پر احتجاج کیا جائے گا۔ بدھ کے روز صبح 10:30 بجے ایک مظاہرہ پلاسا دے سانت جاؤئمے سے شروع ہو کر کاتالونیا کی پارلیمنٹ پر ختم ہوگا۔
جمعرات کو اسی وقت ایک اور مظاہرہ انسٹی ٹیوٹ کاتالا دے لا سالوت (ICS) کے کارپوریٹ ہیڈکوارٹر، گران ویا دے لیس کورٹ کاتالانیس سے شروع ہو کر یونیو کاتالانا دے ہسپتالس کے دفتر تک جائے گا۔
صوبائی حکومت نے ہڑتال کے دوران کم از کم سروسز کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے تحت ایمرجنسی سروسز معمول کے مطابق کام کریں گی۔ آئی سی یو، کارڈیک یونٹس، ڈائیلاسز، نوزائیدہ بچوں کے یونٹس، اور دیگر خصوصی شعبے بھی فعال رہیں گے۔ ہنگامی نوعیت کی سرجریز، ریڈیو تھراپی اور کیموتھراپی کے ضروری علاج جاری رکھے جائیں گے، جبکہ زیرِ علاج مریضوں کو دیکھ بھال کا حق حاصل ہوگا۔
پرائمری اور غیر ہسپتال طبی مراکز میں 25 فیصد عملہ ڈیوٹی پر ہوگا، جبکہ بلڈ بینک اینڈ ٹشو سروسز میں 50 فیصد عملہ موجود رہے گا۔ ہنگامی ایمبولینس سروسز، کینسر، ڈائیلاسز اور آکسیجن تھراپی سے متعلق نقل و حمل بھی یقینی بنائی جائے گی۔ دیگر خدمات تعطیل کے دن کی طرح انجام دی جائیں گی۔