ترکیش ایئرلائنز کے طیارے میں بم کی دھمکی،جہاز کی بارسلونا ائیر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ
Screenshot
بارسلونا(دوست نیوز)ترکیش ایئرلائنز کے ایک طیارے نے بم کی اطلاع ملنے پر بارسلوناایل پرات ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کی کمپنی اے این اے (Aena) کے ذرائع نے بتایا کہ دھمکی کے بعد فوری طور پر سکیورٹی پروٹوکول نافذ کر دیے گئے اور حکام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
جمعرات کی صبح پیش آنے والے اس سکیورٹی واقعے کے باوجود ایئرپورٹ کی تمام سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں۔ طیارے کو ٹرمینلز سے دور ایک محفوظ علاقے میں اتارا گیا۔
واقعے کے بعد اسپین کی گواردیا سیول پولیس اور کاتالونیا کی پولیس موسوس د اِسکوادرا پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے، جبکہ مسلح فورس نے طیارے کی تلاشی کی قیادت کی۔ سول پروٹیکشن ایجنسی نے ایروکیٹ (Aerocat) ایمرجنسی پلان بھی فعال کر دیا ہے۔
فلائٹ ریڈار کیٹ (FlightradarCAT) کے مطابق، جو کاتالونیا میں فضائی آمدورفت پر نظر رکھنے والا ایک غیر سرکاری اکاؤنٹ ہے، بم کی اطلاع بحیرۂ روم کے اوپر موصول ہوئی، جس کے بعد ایک فرانسیسی اور ایک ہسپانوی لڑاکا طیارہ مسافر طیارے کو حفاظتی حصار میں لے کر بارسلونا ایئرپورٹ تک لایا۔ لینڈنگ سے قبل طیارے نے ایئرپورٹ کے قریب کچھ دیر چکر لگایا تاکہ دیگر پروازوں کو جگہ دی جا سکے اور ضروری انتظامات مکمل کیے جا سکیں۔