سیتا مافیا کے خلاف اہم اقدام، ایمیگریشن میں نئے نظام کا آغاز
بارسلونا: اسپین میں امیگریشن نظام کو شفاف بنانے اور سیتا مافیا کے خاتمے کے لیے ایمیگریشن سسٹم نے سیتا سسٹم میں بڑی تبدیلیوں کا آغاز کر دیا ہے، جسے عوام کے لیے خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
نئے نظام کے تحت بارسلونا میں جن افراد کے امیگریشن کاغذات منظور ہوں گے، انہیں فنگر پرنٹس کے لیے سیتا خود بخود فراہم کیا جائے گا۔ منظور شدہ درخواست کے ساتھ ملنے والے سلیکٹ لیٹر کے پچھلے صفحے پر واضح طور پر درج ہوگا کہ درخواست گزار کو 15 دن کے اندر ایس ایم ایس کے ذریعے سیتا(پیشگی وقت) کی اطلاع موصول ہو جائے گی۔ اس کے بعد درخواست گزار کو نہ تو خود سیتا تلاش کرنے کی ضرورت ہوگی اور نہ ہی کسی ذریعے سے سیتا خریدنے کی۔
ذرائع کے مطابق یہ نیا نظام مرحلہ وار اسپین کے دیگر صوبوں میں بھی نافذ کیا جائے گا تاکہ پورے ملک میں امیگریشن کے عمل کو یکساں اور شفاف بنایا جا سکے۔
اس کے علاوہ حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں سیتاصرف ڈیجیٹل سرٹیفیکیٹ کے ذریعے حاصل کی جا سکے گی، جس سے غیر قانونی طریقوں اور سیتا مافیا پر مزید قابو پانے میں مدد ملے گی۔
امیگریشن امور سے وابستہ افراد اور درخواست گزاروں نے اس اقدام کو ایک مثبت اور دیرینہ مسئلے کا مؤثر حل قرار دیا ہے۔